بی جے پی کے چیلنج پر کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے کا سخت جواب

ممبئی:مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو برخاست کرکے دوبارہ انتخاب کرائے جانے کے بی جے پی کے چیلنج کا کانگریس نے سخت جواب دیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی میں ہمت ہے تو مرکزی حکومت کو برخاست کر کے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کروائے۔

بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت بننے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ بی جے پی نے لگاتار دو سال تک اس حکومت کا تختہ الٹنے کی کئی کوششیں کیں، یہاں تک کہ راج بھون کے ذریعے بھی کوششیں کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ریاستی صدر نے کہا کہ سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس، این سی بی جیسی مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے بھی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے وزراء اور لیڈروں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی کارروائی کی گئی ہے، لیکن حکومت گرنے کے بجائے مزیدمضبوط ہوتی گئی۔اب بی جے پی پر بوکھلاہٹ طاری ہوچکی ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو برخاست کرنے کی زبان استعمال کی گئی۔ لیکن اگر بی جے پی میں ہمت ہے تو وہ مرکزی حکومت کو برطرف کر کے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرائے، اور اگرایسا ہوا اس میں یقینی طور پر بی جے پی کو شکست ہوگی۔

ایس ٹی ملازمین کی ہڑتال پر ایک سوال کے جواب میں پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اپنی کوششوں سے ایس ٹی کارکنوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں رہتے ہوئے ایس ٹی کے انضمام کے خلاف موقف اختیار کیا تھا اور اب وہ انضمام کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ایل آئی سی، پبلک سیکٹر کے بینک، بی ایچ ای ایل جیسی سرکاری کمپنیوں کو صنعت کاروں کو بیچ رہی ہے اور یہاں وہ ایس ٹی کے انضمام کا موقف اپنائے ہوئے ہے۔ اس سے بی جے پی کے دوہرا رویہ اجاگر ہوتا ہے۔

قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کی امیدوار ڈاکٹرپرگیہ ساتو نے کاغذات نامزدگی داخل کی

ہم اس بات کی کوشش کریں گے کہ الیکشن بلامقابلہ ہو: ناناپٹولے

ممبئی:قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کی امیدوار ڈاکٹر پرگیہ راجیو ساتو کی کاغذات نامزدگی مہاوکاس اگھاڑی کے سرکردہ لیڈروں کی موجودگی میں داخل کی گئی۔ کانگریس کو یقین ہے کہ کانگریس قانون ساز کونسل کے رکن شرد رن پسے کی موت سے خالی ہونے والی سیٹ پر کسی پریشانی کے بغیر ڈاکٹر پرگیہ ساتو کامیاب ہونگیں۔

ڈاکٹر پرگیہ راجیو ساتوکی کاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے ریاستی صدر نانا پٹولے، وزیر محصول اور قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، این سی پی لیڈر اور دیہی ترقی کے وزیر حسن مشرف، شیوسینا لیڈر اور پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے وزیر گلاب راؤ پاٹل، وزیرتوانائی ڈاکٹر نتن راؤت، ریلیف اور بازآبادکاری کے وزیر وجے ودیٹی وار، طبی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ، اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اورنائب انچارج آشیش دووا، سونل پٹیل، ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ،ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر ذیشان صدیقی، ایم ایل اے امیت جھنک، این سی پی کے ایم ایل اے ببن دادا شندے، ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر چندرکانت ہنڈورے، ریاستی جنرل سکریٹری دیوانند پواراور پرمود مورے وغیرہ موجود تھے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔