- مہاراشٹر میں بڑھتے جرائم حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں، فڑنویس کو وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے
-
یہ مہاراشٹر کی بدقسمتی ہے کہ ریاست کو اتنا غیر فعال اور کمزور وزیر داخلہ ملا ہے
ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور پدم شری ایوارڈ یافتہ سیف علی خان پر ہونے والے جان لیوا حملے نے مہاراشٹر کے لا اینڈ آرڈر کی قلعی کھول دی ہے۔ اگر ممبئی کے سب سے مصروف اور پوش علاقے باندرہ میں ایسی وارداتیں ہو سکتی ہیں تو پھر ممبئی کے دیگر علاقوں میں بھلا کون محفوظ ہو سکتا ہے؟ ممبئی، پونے، بیڑ، پربھنی، ناگپور جیسے علاقوں میں بڑھتے جرائم کو دیکھتے ہوئے یہ سوال عوام کے ذہن میں اٹھ رہا ہے کہ ریاست میں کوئی وزیر داخلہ موجود بھی ہے یا نہیں؟ ریاست کی مہایوتی حکومت پر یہ سخت تنقید کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔

ریاست میں لا اینڈ آرڈ کے مسئلے پر بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اتحاد حکومت کے دوران گینگسٹر کھلے عام حملے کر کے مہاراشٹر کی لا اینڈ آرڈر کو براہ راست چیلنج کر رہے ہیں۔ گینگسٹرز کا دہشت ریاست میں مسلسل بڑھ رہا ہے، اور یہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مجرموں کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس سمیت ان کے قریبی پولیس ڈائریکٹر جنرل بھی پوری طرح غیر فعال ہیں۔ ممبئی میں دو پولیس کمشنر ہونے کے باوجود نہ تو ریاست میں اور نہ ہی ممبئی میں لا اینڈ آرڈر باقی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بیڑ میں منظم جرائم اور ان کے سیاسی تحفظ، پربھنی میں پولیس حراست میں موت، باندرہ میں سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل اور اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ جیسے سنگین واقعات پہلے ہی ہو چکے ہیں۔ ان سب واقعات سے واضح ہے کہ فڑنویس وزیر داخلہ کی ذمہ داریوں کو نبھانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ ریاست میں حکمراں جماعت کے لیڈرز، سیلیبرٹیز اور عوام میں سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ پٹولے نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو صرف یہ کہنے کے بجائے کہ مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا، کچھ عملی اقدامات کرنے کی ہمت دکھانی چاہیے۔ ایسا لگتا ہے کہ فڑنویس بڑھتے جرائم کو لے کر سنجیدہ نہیں ہیں۔ اداکار سیف علی خان پر ہونے والے جان لیوا حملے کے بعد وزیراعلیٰ اس معاملے پر توجہ دینے کے بجائے فلموں کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ یہ مہاراشٹر کی بدقسمتی ہے کہ ریاست کو اتنا غیر فعال اور کمزور وزیر داخلہ ملا ہے.