’مہاجیوتی ‘کو بدعنوانی کا اڈہ بنا کراوبی سی -وی جے این ٹی کاحق نہ چھینیں: ناناپٹولے
’گیان دیپ ‘سنستھان کی فیس تین گنا بڑھانے کا حکم کس نے دیا؟
بی جے پی اور دیویندر فڈنویس او بی سی کے حقوق کے قاتل ہیں
ممبئی:پونے کے’گیان دیپ‘ سنستھان کی فیس تین گنا بڑھانے کی تجویز دے کر ریاست کااوبی سی -وی جے این ٹی محکمہ کس کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے؟ آخر کس کے کہنے پر فیس میں 200% اضافہ کیا گیا جبکہ سالانہ ۶فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے؟ مہاراشٹر میں بہت سے مشہور کوچنگ کلاسز ہیں۔ ایسے میں ’گیاندیپ‘ پرہی خصوصی مہربانی کیوں؟یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے ریاستی حکومت سے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شندے-فڈنویس حکومت ’مہاجیوتی‘ کو بدعنوانی کا اڈہ بنا کر او بی سی-وی جے این ٹی بچوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے۔پٹولے نے کہا کہ مہاتما جیوتی با پھلے ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ یعنی ’مہاجیوتی‘ MPSC، UPSC، JEE اور NEET امتحانات کی لیے تربیت کرتا ہے۔’مہاجیوتی‘ نے طالب علموں کو MPSC کی آف لائن تربیت کے لیے ’گیان دیپ‘ کا متبادل دیا ہے۔ لیکن اب فیسوں میں اضافے سے طلباء کے سامنے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس طرح کے فیصلوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی او بی سی و دیگر پسماندہ طبقات کی فلاحی اسکیموں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ اس حکومت نے او بی سی طبقے کوملنے والی رعایت کو بھی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ او بی سی بچوں کو مہاجیوتی کے ذریعے بہتر مواقع ملنے چاہئیں، لیکن بی جے پی او بی سی طلبہ کو ان مواقع سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ او بی سی طبقے نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو مرکز اور ریاست میں اقتدار میں لانے کے لیے ووٹ دیا لیکن بی جے پی اور دیویندر فڑنویس او بی سی کے انصاف کے حق کے اصل قاتل ہیں۔ او بی سی طبقے کو ریزرویشن ملنے سے روکنے کے لیے متوازی ریزرویشن مہم چلائی جا رہی ہے۔ یو پی ایس سی کا امتحان دیے بغیر جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر ایک مخصوص طبقہ کے بچوں کو براہ راست تعینات کرکے او بی سی بچوں کے حقوق چھینے جارہے ہیں۔ بی جے پی اور فڑنویس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ریاست میں او بی سی کے لیے سیاسی ریزرویشن بھی ختم ہو گیا۔ ریاستی او بی سی کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا۔ پٹولے نے کہا کہ چونکہ بی جے پی ملک میں ریزرویشن نہیں چاہتی، اس لیے وہ اسے مختلف طریقوں سے ختم کر رہی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ جب تک ذات کے لحاظ سے مردم شماری نہیں ہوتی، او بی سی برادری کو انصاف اور حق نہیں ملے گا۔