راہل گاندھی کی قیادت میں 2029 میں اقتدار میں آنے کے بعد اڈانی و امبانی کی کمپنیوں کو قومی ملکیت میں لیا جائے گا: ہرش وردھن سپکال
جمہوریت، مزدوروں اور مقامی باشندوں کے حقوق کے لیے راہل گاندھی کی جدوجہد جاری ہے، وہی عوام کے لیے امید کی کرن ہیں
ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اعلان کیا ہے کہ اگر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس 2029 کے عام انتخابات میں اقتدار میں آئی تو اڈانی اور امبانی کی کمپنیوں کا قومی ملکیت میں لیا جائے گا۔ جب ایسٹ انڈیا کمپنی کی دولت برطانوی حکومت سے زیادہ بڑھ گئی تھی تو حکومتِ برطانیہ نے اسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور جب فوج کے لیے تیل فراہم کرنے سے تیل کمپنیوں نے انکار کر دیا تو اندرا گاندھی نے ملک کی سلامتی کے پیشِ نظر نہ صرف تیل کمپنیوں بلکہ بینکوں کا بھی قومی ملکیت میں لے لیا تھا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ یہی فیصلہ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف دوبارہ لیا جائے تاکہ عوامی وسائل عوام کے ہی کام آئیں۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے یہ بات کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں منعقدہ ’گھر حق پریشد‘ کے دوران کہی۔ اس موقع پر سابق رکنِ پارلیمنٹ کمار کیتکر، ریاستی کانگریس کے اقتصادی شعبے کے سربراہ وشواس اُتگی، رامیش بھوتیکر، گوپال زویری، شری پاد لوٹلیکر، شیشیر دھولے، سوکمار داملے، گووند راؤ موہتے، دھرم راجیہ پارٹی کے راجن راجے، سدانند ساونت، وجے کلکرنی، سنتوش ساونت، شیلش ساونت، سچن پراب، آشی شندے، گیانیشور شیلوکے، یشونت رانے، گِریش اشٹیکر، ارون پاؤسکر، پروین پالَو، اشوک کلکرنی، انل مہاڈک، سنجے مُنج، جَییش شیگوان، کوٹیئن، مینا پوار، دینیش رانے، ودیا چوہان، ملند رانڈے اور دیپک بھالے راو سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
ہرش وردھن سپکال نے اپنے خطاب میں کہا کہ راہل گاندھی اس وقت ملک میں جمہوریت، غریبوں، مزدوروں اور مقامی باشندوں کے حقوق کے لیے مستقل جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہی اس ملک کے عوام کے لیے امید کی کرن ہیں، اور عوام کا ان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی جیسے شہر میں عام آدمی کے لیے گھر خریدنا ایک خواب بن گیا ہے، کیونکہ حکومت ممبئی کی قیمتی زمینیں اڈانی گروپ کو بیچ رہی ہے، جبکہ عوام کو سستی اور قابلِ استطاعت رہائش فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سپکال نے کہا کہ ہر شخص کے سر پر چھت ہو، یہ ہمارا خواب ہے اور اسے حقیقت میں بدلنا ہمارا عہد ہے۔ عوام اپنے حقِ رہائش کے لیے اپنی آواز بلند کریں، کانگریس ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس موقع پر تمام مقررین نے ’سستی رہائش‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ موجودہ حکومت صرف سرمایہ داروں کے مفاد کے لیے کام کر رہی ہے، عام آدمی کے لیے نہیں۔ اسی روز تلک بھون میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے شعبۂ اساتذہ کی جانب سے ریاستی سطح کے آدرش شکشک سمان سماروہ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں ریاست بھر سے آئے ہوئے مثالی اساتذہ کو اعزازات پیش کیے گئے۔ اس تقریب میں ریاستی اسمبلی کے رکن اور اساتذہ کے نمائندے جینت آسوگاؤںکر، ایم ایل اے ساجد خان پٹھان، شعبۂ اساتذہ کے صدر پروفیسر پرکاش سوناونے، کارگزار صدر پرکاش تایدے، سچن دورگاڑے، پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری یش راج پارکھی سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور پارٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
MPCC Urdu News 12 October 25.docx