نریندرمودی نے ملک کو ’چین کا کچرا،چنتا اورچتا‘ دیا: ناناپٹولے

اگر یوپی اے میں کوئی نئی پارٹی شامل ہوتی ہے تو اس کا استقبال ہے، کانگریس ہی ملک کو بچا سکتی ہے

ممبئی:کانگریس پارٹی نے ہندوستان کو ایک خوشحال ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔اگر دنیا میں ہندوستان نے ایک بلند مقام حاصل کیا ہے تو اس کی وجہ پنڈت جواہر لال نہرو سے لے کر کانگریس کی حکومتوں کے ذریعے کیے گیے ترقیاتی کام ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے گزشتہ سات سالوں میں بی جے پی حکومت نے ملک کی شبیہ کو خراب کردیا ہے۔کورونا کی بحران کے دوران تو مودی حکومت نے ملک کی عوام کو بے سہارا چھوڑدیا ہے۔ کورونا پر قابوپانے میں مودی سرکار مکمل طو رپر ناکام ثابت ہوئی ہے اور اس نے ملک کی عوام کو صرف ’چین کا کچرا، چتا اور چنتا‘ ہی دیا ہے۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کی ہے۔وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کورونا کی صورتحال کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔مودی حکومت کی اہنکار کی وجہ سے ملک کی عوام تباہ ہورہی ہے۔ اس معاملے میں سپریم کو رٹ کو مداخلت کرنی پڑی اور ٹاسک فورس کی تشکیل کرنی پڑی ہے۔ وزیر اعظم مودی کسی کی نہیں سنتے ہیں۔ انہوں نے ویکسینیشن کے معاملے کو الجھا کر رکھ دیا ہے۔ ملک کی 130 کروڑ عوام کو گھر گھر جاکر ویکسین دینا چاہیے تھا لیکن اس نے یہ نہیں کیا۔ملک کی آبادی کے لحاظ سے 300کروڑ ویکسین کی ضرورت ہے جس کی تکمیل جلد ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔یہ شک پیدا ہوتا ہے کہ کیا مودی سرکارنے جلدبازی میں چین سے کوئی خفیہ معاہدہ کرلیا ہے؟اگر ایسا ہوا تو خطرہ یہ ہے کہ چین کا کچرے کو ویکسین کے طور پر ہمارے ملک کی عوام کو دیا جائے گا۔ مودی سرکار کے کام کاج کی وجہ سے لوگ خوف کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اپنی اپنی زندگیوں کے بارے میں لوگوں کی فکر (چنتا) بڑھ چکی ہے اور ملک بھر میں ہر جگہ چتا ؤں کے جلنے کے خوفناک مناظر ہیں۔

ناناپٹولے نے کہا کہ جب ملک میں اناج کی کمی تھی تو کانگریس حکومتوں نے سبزاور سفید انقلاب برپا کرکے ملک کو خود کفیل کردیا۔ 2008 میں جب پوری دنیا کسادبازاری کی شکار تھی تو کانگریس نے ملک کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھا اور لوگوں کو پریشانیوں سے بچایا۔ جنہوں نے ’اچھے دن، مہاستّا اور ویشووگرو‘ بنانے کا خواب دکھایا انہوں نے محض سات سالوں میں بھوٹان اور روانڈا جیسے ملکوں کے سامنے مدد کے لیے ہاتھ پھیلانے کا وقت لادیا۔ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو داؤ پر لگادیا۔ ملک کو اس بحران سے نکال کر دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی صلاحیت صرف اور صرف کانگریس میں ہے۔اس لیے اگر سنجے راؤت نے کانگریس کو ملک کی روح قرار دیا ہے تو ہم ان کے اس بیان سے مکمل طور پر اتفاق کرتے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading