عبدالستارنے اپنی گھٹیاذہنیت کا ثبوت دیا ہے، استعفیٰ لیا جائے:جینت پاٹل

  • 24گھنٹے کے اندروزارت سے برخاست کیا جائے ورنہ.: مہیش تپاسے

ممبئی: این سی پی کے ریاستی صدر اور آبی وسائل کے سابق وزیر جینت پاٹل نے ممبرپارلیمنٹ سپریاسولے کے بارے میں وزیرزراعت عبدالستار کے دیے گئے بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اوروزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے عبدالستار سے فوراًاستعفیٰ لیا جائے۔ جینت پاٹل نے کہا ہے کہ عبدالستار کا بیان انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، ایک خاتون عوامی نمائندے کے بارے میں اس طرح کی گندی زبان استعمال کرکے عبدالستار نے اپنی گھٹیا ذہنیت کا ثبوت دیا ہے۔ جینت پاٹل نے کہا کہ عبدالستار ماضی میں بھی اسی طرح کے کئی متنازعہ بیانات دے چکے ہیں۔ جینت پاٹل نے وزیراعلیٰ کو ٹویٹ کرکے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوراً پر عبدالستار سے استعفیٰ لیں۔

دریں اثناء این سی پی کے ریاستی چیف ترجمان مہیش تپاسے نے پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے عبدالستار کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔انہوں نے وزیراعلیٰ سے مکتوب کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالستار کو 24گھنٹے کے اندر وزارت سے برخاست کیا جائے ورنہ انہیں این سی پی کی ناراضگی کا سامنا کرنا ہوگا۔

مہیش تپاسے نے کہا کہ مہاراشٹر میں اپوزیشن وحکمراں جماعت کے درمیان ریاست کی سیاسی روایت کئی برسوں سے نبھائی جارہی ہے، اس معاملے میں حکمراں پارٹی واپوزیشن کئی برسوں سے سیاست سے بالاتر ہوکر ہم آہنگی کی فضا قائم رکھی ہے۔ ایسے میں ریاستی کابینہ میں شامل وزیر عبدالستار نے این سی پی لیڈر ورکن پارلیمنٹ سپریا تائی سولے کے بارے میں جو بیان دیا ہے، وہ انتہائی غیر مہذب اور غیرسائشتہ ہے۔ ہم اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وزیرعبدالستار کو فوری طور پر ریاستی کابینہ سے برخاست کرے۔ تپاسے نے کہا کہ سپریا تائی سولے کی توہین ریاست کی تمام خواتین کی توہین ہے، اس لیے عبدالستار کو فوری طور پر نکال دیا جانا چاہیے ورنہ این سی پی کی ناراضگی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔

واضح رہے کہ سپریاسولے کے بارے میں وزیرعبدالستار کے بیان کے بعد ریاست بھر میں این سی پی کارکنان نے زبردست احتجاج شروع کردیا ہے۔ ممبئی میں عبدالستار کی رہائش گاہ کے باہر این سی پی کے کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا جس کے بعد احتجاج کرنے والے کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ ریاست کے بیشتر شہروں سے اسی طرح کے احتجاج کی خبریں آئی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading