بھیونڈی میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے تین بلڈروں کے خلاف ایم آر ٹی پی کے تحت مقدمہ درج
میونسپل کمشنر کے ذریعہ غیر قانونی تعمیرات پر کیا جارہی کارروائی سے مچی کھلبلی
بھیونڈی ( ایس اے ):- بھیونڈی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث تین بلڈروں کے خلاف پولیس اسٹیشن میں ایم آر ٹی پی کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ میونسپل کمشنر کے حکم پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف جاری کی گئی کارروائی سے بلڈر مافیاوں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق بھیونڈی میں سروے نمبر 99 ، پلاٹ نمبر 21 گنیش نگر میں عارف ناصر خان نے غیر قانونی تعمیرات کو انجام دیا ہے ۔ جس کے خلاف میونسپل کارپوریشن نے 15 جنوری 2020 کو مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1949 کی دفعہ 260 (1A) ، (a) اور (b) کے تحت نوٹس دیا تھا اور اس کیس کی سماعت 30 جنوری 2020 کو طے کی تھی لیکن سماعت کے روز ملزم عارف خان پیش نہیں ہوا اور نہ ہی غیر قانونی تعمیراتی کام سے متعلق کوئی دستاویز پیش کیا ۔ جس کے بعد آفس سپرنٹنڈنٹ آف ڈویژن کمیٹی 2 سومناتھ بودھاجی سوشٹے نے شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں فوجداری مقدمہ درج کرایا ہے ۔ اسی طرح نائیگاں علاقے میں ستار میڈیکل کے پیچھے پیرانی پاڑہ میں غیر قانونی تعمیراتی کام جاری ہے۔ جس کے خلاف میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے رفیق احمد سراج الدین خان اور صلاح الدین سراج الدین خان دونوں کو 11 مارچ 2020 کو نوٹس دیا تھا اور ان سے 26 مارچ 2020 کو حاضر ہونے اور اس سلسلے میں وضاحت کے ساتھ تعمیراتی کام سے متعلق دیگر دستاویزات پیش کرنے کو کہا تھا لیکن یہ دونوں بھائی بھی سماعت کے دوران غیر حاضر تھے اور ان کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے ۔ جس کے بعد ڈویژن کمیٹی 2 کے آفس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ بودھاجی سوشٹے نے دونوں بھائیوں کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں مہاراشٹرا ٹیریٹوریل ٹاؤن پلاننگ ایکٹ 1966 کے سیکشن 52 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کرایل ہے ۔ جس کی مزید تفتیش اسسٹنٹ سب انسپکٹر نلوادے کررہے ہیں ۔
