اقتدار میں آنے کے بعد ’لاڈکی بہنوں‘ سے وعدہ خلافی، ووٹ لیتے وقت شرائط کیوں یاد نہیں آئیں؟
ممبئی: ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے بی جے پی مہایوتی حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے جس کے تحت ’لاڈکی بہن یوجنا‘ سے تقریباً 80 لاکھ خواتین کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران خواتین کو ماہانہ 1500 روپے دینے کا وعدہ کرکے ان کے ووٹ حاصل کیے گئے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کو اچانک شرائط اور اہلیت کے اصول یاد آنے لگے ہیں۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ جب حکومت کو ووٹ درکار تھے تو کسی قسم کی شرط یا اہلیت کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن اقتدار حاصل ہوتے ہی لاکھوں خواتین کو اسکیم سے باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر شرائط اتنی ہی اہم تھیں تو اسکیم کا اعلان کرتے وقت کیا حکومت سو رہی تھی؟ ان کے مطابق یہ لاڈکی بہنوں کے ساتھ ایک سنگین مذاق اور کھلی وعدہ خلافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں ’مکھیہ منتری لاڈکی بہن یوجنا‘ شروع کی گئی تھی اور 2024 کے اسمبلی انتخابات کے دوران اس امدادی رقم کو 1500 روپے سے بڑھا کر 2100 روپے کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ ریاست کی لاکھوں خواتین نے ان وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے مہایوتی کو ووٹ دیا، لیکن حکومت بننے کے بعد اسی اسکیم کو محدود کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران مہایوتی حکومت مسلسل ایسے طریقے اختیار کرتی رہی جن کے ذریعے مستفید خواتین کی تعداد کم کی جا سکے۔ مختلف ضوابط، شرائط اور پابندیاں نافذ کرتے ہوئے اب تقریباً 80 لاکھ خواتین کو اسکیم سے نااہل قرار دیا گیا ہے، جو ریاست کی خواتین کے ساتھ سراسر ناانصافی اور دھوکہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور مہایوتی اتحاد انتخابات کے وقت بڑے بڑے وعدے کرتا ہے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہیں پورا نہیں کرتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’اعلان کرنے میں کیا جاتا ہے؟‘‘۔ ورشا گائیکواڑ کے مطابق یہی رویہ حکومت کے غرور اور اقتدار کے نشے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2100 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ تو حکومت پہلے ہی بھول چکی ہے، اب جو رقم خواتین کو مل رہی تھی اسے بھی بند کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول ریاست کی لاکھوں خواتین یہ محسوس کر رہی ہیں کہ اقتدار میں بیٹھے ’’بھائیوں‘‘ کا رویہ ان کے ساتھ سوتیلا ہو گیا ہے اور جن خواتین نے ان پر اعتماد کیا تھا، آج وہ خود کو دھوکہ کھایا ہوا محسوس کر رہی ہیں۔