2 May, 2020 21:25

لاک ڈاون سید اعوان قادری کے لئے رحمت بن کر آیا

شاہین باغ: کورونا وائرس نے دنیا کا سارا نظام تہہ وبالا کرکے رکھ دیا ہے، ایشاء میں چین سے لیکر ہندوستان اور امریکہ ویوروپ کی تمام ریاستوں میں کہرام مچا ہوا ہے ،عبادت گاہیں بند ،شاپنگ مالس بند، تجارتی مراکز بند، اسکول وکالجز بند، غرض کہ دنیا میں ہرطرف تعطل وجمود کا دور دورہ ہے،بڑوں کے ساتھ بچے بھی گھروں میں قید ہیں، انکی صبح وشام بے سود گذررہی ہے،ایک طرح سے انکی لائف تعلیمی پٹری سے بالکل اتر چکی ہے،لیکن خوش نصیب ہیں ایسے ماں باپ جنہوں نے لاک ڈاون کی قید وبند والی زندگی کے دوران بھی اپنے بچوں کو عصری ودنیاوی تعلیم سے آراستہ کرنے میں پیچھے نہیں رہے، انہی خوش نصیب لوگوں میں دہلی کے شاہین باغ، جامعہ نگر کے جناب ڈاکٹر سید عدیل احمد قادری ہیں، جن کے ساڑھے چھ سال کے صاحبزادے سید اعوان احمد قادری نے اس لاک ڈاون کے دوران پورا قرآن پاک ناظرہ مع تجوید مکمل کرلیا ہے، اس نعمت کے بعد یہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ لاک ڈاون کا دورانیہ اس بچے کے لئے خدائی رحمت اور عطیہ ثابت ہوا، ابھی کچھ دنوں پہلے کی بات ہے کہ جب اس بچہ کو مولانا ڈاکٹر محمد احمد نعیمی صاحب نے بسم اللہ کرایا تھا، جی ہاں! اس سعادت میں اگر ایک طرف اس بچے کے والدین کی فکر شامل ہے تو وہیں دوسری طرف اس کے استاذ جناب حافظ شان محمد صاحب کی محنت کا پورا پوار ہاتھ بھی ہے ، جنہوں نے اس بچے کو محض سوا مہینہ میں پورا قرآن مع تجوید کے ناظرہ مکمل کرانے سعادت حاصل کی ہے۔

اتنی بڑی سعادت کے بارے میں قارئین کو یہ بات دلچسپی سے خالی نہ ہوگی کہ جب لاک ڈاون شروع ہوا تو حافظ شان محمد صاحب گھر نہیں جاسکے اور اعوان کے گھر پر ہی قیام کرنے کا فیصلہ کرلیا، اعوان کے والد محترم نے موقع غنیمت سمجھا اور بچے کو اس سلسلہ سے جوڑ دیا ، پھر فرصت کے لمحات اس طرح ملتے گئے کہ نہ استاذ کو باہر نکلنے کی اجازت اور نہ ہی اس بچے کو گھر سے باہر جانے کا موقع، اس حسین لمحہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک سوا پارہ روزانہ بچے نے سنانا شروع کردیا، اور رمضان کے پہلے جمعہ کو قرآن ناظرہ مکمل کرلیا، اب پیر کے دن سے بچہ کا حفظ قرآن بھی شروع ہورہا ہے، ان شاءاللہ آپ سبھی سے درخواست ہے کہ بچے کے لئے دعاء کریں، کہ جلد ازجلد حافظ قرآن بھی بن جائے ۔

اس مبارک وسعید موقع پر عزیز واقارب کے علاوہ آپ کے دادا محترم جناب ڈاکٹر کفیل احمد قادری ، ندوة اولڈ بوائز ایسوسی ایشن دہلی کے جنرل سکریٹری، جناب ڈاکٹر سعد رشید ندوی اور اقراءایجوکیشنل اینڈ ٹیکنکل فاونڈیشن، مہراج گنج، یوپی کے سربراہ مولانا قاری محمد طیب قاسمی، جمیعتہ علماء مہراج گنج کے جنرل سکریٹری مولانا محی الدین قاسمی ندوی، دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ کے استاذ فقہ مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، ماہنامہ احیاء اسلام مہراج گنج کے نائب مدیر مولانا احسان الحق قاسمی، حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے آرگنائزر حافظ عبید الرحمن الحسینی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دل کی گہرائیوں سے دعاوں کا ہدیہ پیش کیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading