ناندیڑ:20اگست(راست ) : الحمد للہ، ناندیڑ شہر کے اردو خادمین نے ایک سوسائٹی رجسٹرڈ کی ہے۔ ناندیڑ شہر کی یہ واحد سوسائٹی ہے جو باضابطہ طور پر حکومت کے مجاز ادارے سے رجسٹرڈ ہوئی اور اردو کی بقا کے لئے کوشاں ہے۔ سوسائٹی رجسٹرڈ ہونے کے بعد انتظامی کمیٹی کا پہلا اجلاس مورخہ20/ اگست بروز اتوار دوپہر تین بجے مدینتہ العلوم پرائمری اسکول ذکور لال باڑہ ناندیڑ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سوسائٹی کے صدر جناب ارشاد احمد خان صاحب (صدر شعبہ اردو، آن ایس بی کالج ناندیڑ ) نے انجام دی۔
سوسائٹی کے سکریٹری جناب ڈاکٹر محمد عبدالرافع صاحب ( صدرمدرس، مدینتہ العلوم پرائمری اسکول ناندیڑ) نے سابقہ روداد پڑھ کر سنائی اور آیندہ لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا۔ اس اجلاس میں جناب شیخ علیم اسرار صاحب ( نائب صدر ) ، جناب ڈاکٹر عبد العلیم صاحب( جوائنٹ سیکرٹری ) ، جناب ڈاکٹر انیس الرحمن صاحب ( خازن ) ، جناب محمد تقی صاحب ( رکن و مدیر اعلی روزنامہ ورق تازہ، ناندیڑ ) ، جناب محمد مظہر الدین صاحب ( رکن و صدر، وی کے اردو سینئر کالج، ناندیڑ ) اور عبدالملک نظامی صاحب(رکن ) حاضر تھے۔
اس اجلاس میں بہ اتفاق رائے حسب ذیل قراردادیں منظور کی گئیں۔
(1) 2/اکتوبر 2023 کو اردو گھر ناندیڑ میں ایک روزہ قومی سیمینار بعنوان ” آزادی کے بعد افسانوی ادب ” کا انعقاد۔
(2) یوم اساتذہ کی مناسبت سے 2/ اکتوبر 2023 کو اردو گھر ناندیڑ میں ریاست کے منتخب اساتذہ کو ” ریاستی مثالی معلم ایوارڈ ” کی تقسیم۔