نئی دہلی:شمالی ہندوستان میں لوگوں کو فی الحال سردی اور بارش سے راحت ملنے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں 16 جنوری کو گھنے کہرے اور ہلکی بارش کا الرٹ کیا گیا ہے، وہیں 18 جنوری کو ایک نئے ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اس ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے شمال مغرب اور وسطی ہندوستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
16 اور 17 جنوری کو مغربی اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، مغربی اور مشرقی راجستھان کے الگ الگ حصوں میں شدید گھنے کہرے کا امکان ہے۔ ایک ویسٹرن ڈسٹربنس پاکستان کے اوپر بنا ہوا ہے جبکہ ایک گردابی طوفان کے آثار جنوبی ہریانہ میں بھی دکھائی دے رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 18 جنوری کو ایک نیا ویسٹرن ڈسٹربنس شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کر سکتا ہے۔
4 روز بعد 22 جنوری کو ایک دیگر ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہوگا۔ 18 جنوری سے فعال ہونے والے ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے ہمالیائی علاقوں اور شمال مغربی میدانی علاقوں میں موسم بدل جائے گا۔ پہاڑی ریاستوں میں 18 سے 22 جنوری کے درمیان بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ 21 اور 22 جنوری کو راجستھان، چنڈی گڑھ، پنجاب، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش میں بارش کا امکان ہے۔
اگر اگلے 3 دنوں کے موسم کی بات کی جائے تو 17 جنوری کو پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں گھنے کہرے کا اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔