مولانا سراج الحق قاسمی کو صدمہ، والد بزرگوار کا انتقال
مہراج گنج (عبید الرحمن الحسینی) موضع کبلاس پور کے مولانا سراج الحق قاسمی کے والد محترم کے انتقال پر آج بعد نماز ظہر دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ، کی مسجد ” النور ،، میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد ادارہ کے سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی کی صدات میں کیا گیا، جس میں اساتذہ کرام و ذمہ داران ادارہ سمیت طلبہ عزیز نے شرکت کی، بعدازاں مرحوم کے لئے قرآن خوانی اور آیات کریمہ کے ورد کے ذریعہ مرحوم کے حق میں ایصال ثواب کیا گیا۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں انتقال کی خبر ملنے کے بعد دارالعلوم کا ایک موقر وفد ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی کی قیادت میں مرحوم کے گھر پہنچ کر نہ صرف یہ کہ تعزیت مسنونہ پیش کیا، بل کہ تکفین وتدفین میں بھی شریک ہوا۔
ادارہ کے سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے مولانا سراج الحق قاسمی کے والد بزرگوار کے انتقال پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: باپ کے انقال سے اولاد ایک عظیم سرپرست سے محروم ہوجاتی ہے،اور پھر اس کے بعد یہ فرقت کا لمحہ ایک صالح اولا د کے لئے کتنا جاں گسل ہوتا ہے، بتانے کی ضرورت نہیں ، بس یہ کہہ لیجئے کہ والد کے بغیر گھر ایک ویران اور مثل شہر خموشاں کے ہوجاتا ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنکے والدین یا ان دونوں میں سے کوئی ایک باحیات ہو، اور وہ اپنے والدین کی خدمت کرکے دنیا وآخرت سنواررہے ہوں۔
دارالعلوم فیض محمدی کے مہتمم وجمعیة علماءمہراج گنج کے جنرل سکریٹری مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ: مولانا سراج الحق قاسمی کے والد بزرگوار کے انتقال سے شدید صدمہ ہوا، اللہ نے انہیں بے شمار خوبیوں سے نوازا تھا، وہ علم دوست اورقوم پرست ہونے کے ساتھ شرافت ومروت کے حسیں آئینہ دار ، ملنسار ، اور اخلاق کریمانہ کے اعلیٰ نمونہ تھے۔ آپ کی،مہمان نوازی ، سادگی ، علماءکی تعظیم ، اور حد درجہ تواضع وتقویٰ نے آپ کی شخصیت کو ہر شخص کی نگاہوں میں محبوب بنایا تھا۔ اللہ کی ذات سے امید ہے کہ انہی اوصاف وامتیازات کی بنیاد پر وہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
ممبئی کے مستند عالم دین مولانا لیاقت علی قاسمی نے اپنے وہاٹس اپ کے ذریعہ مولانا سراج الحق قاسمی کے والد محترم کے انتقال کو اہل خانہ کے لئے ایک بڑا سانحہ قرار دیا ، اور کہا کہ انتقال کی خبر سے مجھے دلی صدمہ ہوا، صلبی اولاد کو اس سانحہ پر کتنا صدمہ پہنچا ہوگا، اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے، یقینا ایک شفیق اور نیک باپ کے سایہ عاطفت سے محرومی اولاد کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے ، جس کی بھر پائی نہیں ہوسکتی ،اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہل خانہ، اعزاء اقرباء، بشمول مولانا سراج الحق قاسمی کو صبر جمیل کی توفیق عطا کرے ، اور مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے، اور ان کی بشری لغزشوں کو معاف فرماکر اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے۔آمین۔
