آپ کی محنت شاقہ نے ایک مردہ و افسردہ قوم میں زندگی کی روح پھونک دی

3

عشرہ ”نبی رحمت“کے تحت سہارنپور میں پروگرام

دیوبند 11/نومبر (پریس ریلیز)انبیاء کی بعثت کا مقصد خدا،انسان اور کائنات کے باہمی رشتے استوار کرنا ہوتا تھا،آپﷺ کی تعلیمات جو تعلیم دی اس کا براہِ راست تعلق انسانیت کے بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں سے ہے،قرآن وسنت انہی حقوق کے تحفظ وبقاء اور ترویج واشاعت پر مبنی ہے ان خیالات کا اظہار معہد عائشہ الصدیقہ ؓ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی جانب سے چلائی جارہی دس روزہ تحریک”نبی رحمت“کے تحت ضلع سہارنپور کے کیلاش پور میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صائمہ مکرم نے کیا.

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کا خطبہ حجۃ الوداع عوام کے حقوق کا منشور ہے،آپ ﷺ نے دنیا کو مساوات،عدل وانصاف کا ایسا لازوال اور بے مثال دستور دیا جو رہتی دنیا تک کے لوگوں کے لئے مثالی اور قابل عمل ہے،آپ نے رنگ ونسل،علاقائی اور لسانی تعصبات کی بنیاد کو ختم کرکے تمام انسانوں کو برابر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم رسول اللہ کی تعلیمات کو سمجھیں تو پھر لسانی،یا رنگ ونسل کی بنیاد پر کسی کو فضیلت نہیں ہوگی،انہوں نے کہا ذات برادریوں اور زبان اور علاقے کی بنیاد پر پیدا ہونا والا انتشار ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کے ذریعہ دنیا کے ہر طبقے کو حقوق فراہم کئے جاسکتے ہیں،اسی لئے ہم پر لازم ہے کہ ہم رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے تحریر وتقریر کا سہارا لیں اور اپنے اعمال کے ذریعہ بھی لوگوں کو نبی اکرم ﷺ کی زندگی سے واقف کرائیں انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلام کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ یہ ہے کہ وہاں کے لوگوں کے اندر تحقیق کا کا جذبہ ہوتا ہے اور وہ جلد اسلام کی حقانیت سے روشناس ہوجاتے ہیں اور پھر وہ آغوش اسلام میں آجاتے ہیں انہوں نے کہا کہ مغرب کے کچھ متعصب افرادجو اسلاموفوبیا کا شکار ہیں حقیقتاً وہ بھی جانتے ہیں کہ اسلام دین حق ہے لیکن اسلام سے دشمنی ان کو اس بات کے اقرار سے روکتی ہے۔

انہوں نے فرانس کے حالیہ واقعہ کو اسلاموفوبیا سے تعبیر کرتے ہوئے بتایا کہ فرانسیسی صدر کو چاہئے کہ وہ اسلاموفوبیا سے باہر نکلیں اور ملک کی ترقی اور ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد کی بارے میں سوچیں انہوں نے کہا کہ کسی بھی طبقے کی دل آزاری کو آزادی اظہار رائے کا نام نہیں دیا جاسکتا۔اس موقع پر شاہین، ثنا، چاندنی، ساجدہ، ظہیرہ، معراج، انجم، فاطمہ، شاہدہ وغیرہ موجود رہیں ۔

واضح ہو کہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی جانب سے 6/نومبر 2020کو دس روزہ مہم بعنوان ”نبی رحمت“شروع کی گئی تھی جس کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں پروگرام میٹنگوں کے علاوہ روزانہ احادیث اور سیرت نبویہ پر مشتمل مضامین کی اشاعت کی جارہی ہے ساتھ میں فرانس کے گستاخانہ خاکوں پر احتجاج کرتے ہوئے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے ہندوستانی مصنوعات کے استعمال کی ترغیب بھی دی جارہی ہے۔