کوشامبی: اتر پردیش کے کوشامبی میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد شدید جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے ضلع اسپتال مانجھن پور بھیجا گیا ہے، جہاں کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
آخری اطلاع موصول ہونے تک پولیس اور گاؤں والوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ معاملہ کوکھراج تھانہ علاقہ کے بھرواری کا ہے جہاں پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے بعد لگنے والی آگ میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
اس حادثے میں مرنے والوں کی شناخت شیو نارائن، کوثر علی، شاہد علی اور ایک دیگر کے طور پر کی گئی ہے۔ فیکٹری کے مالک کا نام شرافت علی بتایا جاتا ہے۔