چنڈی گڑھ: آنے والے مارچ میں مجوزہ بورڈ امتحانات کے پیش نظر اسکولوں کے پاس فیصد کو بہتر بنانے کے لیے، ہریانہ حکومت نے مندروں، مساجد اور گرودواروں سے کہا ہے کہ وہ 10ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کو جلد بیدار کرنے کے لیے ‘الارم’ بجا دیں۔
ریاستی محکمہ تعلیم نے متعلقہ اسکول حکام سے بھی کہا ہے کہ وہ والدین کو اپنے بچوں کو صبح 4:30 بجے جگانے کو کہیں۔صبح کا وقت بورڈ کے امتحانات کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تمام سرکاری اسکولوں کے پرنسپلوں کو بھیجے گئے ایک خط میں، محکمہ نے زور دیا کہ والدین اور اساتذہ کی طرف سے ایک مشترکہ منصوبہ بنایا جائے تاکہ طلباء کو پڑھائی کے لیے کچھ اضافی گھنٹے مل سکیں۔
اس میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ واٹس ایپ گروپ کے ذریعے یہ بھی دریافت کریں گے کہ طلباء جاگ رہے ہیں اور پڑھ رہے ہیں یا نہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر والدین تعاون نہیں کر رہے تو اسے سکول مینجمنٹ کمیٹی کے نوٹس میں لایا جائے۔