’ہاں میری ماں مسلم ہے، میں نے مسلم خاتون سے نکاح کیا تھا جسے طلاق دے چکا ہوں‘، سمیر وانکھیڑے کا اعتراف

آرین خان ڈرگس معاملے میں وصولی کے الزامات میں پھنسے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ سمیر وانکھیڑے اب فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ کے الزامات میں پھنس گئے ہیں۔ مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور این سی پی نواب ملک کے الزامات صحیح ثابت ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سمیر وانکھیڑے نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ماں مسلم تھی۔ سمیر وانکھیڑے نے بتایا کہ انھوں نے مسلم خاتون سے نکاح کیا تھا، جسے وہ طلاق دے چکے ہیں۔ سمیر وانکھیڑے نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان باتوں کا تذکرہ ہے۔

سمیر وانکھیڑے نے بیان جاری کر کہا ہے کہ ’’یہ میری جانکاری میں آیا ہے کہ نواب ملک نے مجھ سے متعلق کچھ دستاویزات شائع کیے ہیں۔ ٹوئٹر ہینڈل پر الزام لگایا کہ سمیر داؤدے وانکھیڑے کا شروع ہوا فرضی واڑا۔ اس ضمن میں میں یہ ظاہر کرنا چاہتا ہوں کہ میرے والد آنجہانی گیان دیو کاچروجی وانکھیڑے 30.06.2007 کو ریاستی آبکاری محکمہ، پونے کے سینئر پولیس انسپکٹر کے عہدہ سے سبکدوش ہوئے۔ میرے والد ایک ہندو ہیں اور میری ماں مرحومہ زاہدہ ایک مسلم تھیں۔ میں سچی ہندوستانی روایت میں ایک مجموعی، کثیر مذہبی اور سیکولر کنبہ سے تعلق رکھتا ہوں اور مجھے اپنی وراثت پر فخر ہے۔‘‘


سمیر وانکھیڑے نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اس کے علاوہ میں نے 2006 میں ڈاکٹر شبانہ قریشی سے اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت شادی کی۔ ہم دونوں نے سال 2016 میں اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت سول کورٹ کے ذریعہ آپس میں طلاق لے لیا۔ بعد میں سال 2017 میں میں نے شیامتی کرانتی دیناناتھ ریڈکر سے شادی کی۔ ٹوئٹر پر میرے نجی دستاویزوں کی اشاعت ہتک عزتی والا ہے اور میری فیملی کی پرائیویسی پر غیر ضروری حملہ ہے۔ اس کا مقصد مجھے، میرے کنبہ، میری مرحومہ ماں اور میرے والد کو بدنام کرنا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں عزت مآب وزیر جی کے الزامات کی سیریز نے مجھے اور میری فیملی کو بہت زیادہ ذہنی اور جذباتی دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ نجی، ہتک عزتی پر مبنی اور قابل مذمت حملوں سے میں افسردہ ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ نواب ملک نے ایک پیدائش سرٹیفکیٹ کی کاپی ٹوئٹ کر اشاروں میں کہا تھا کہ سمیر وانکھیڑے کے والد اور والدہ مسلم تھے اور انھوں نے اب فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ بنوایا ہے۔ دعویٰ کیا گیا کہ یہ پیدائش سرٹیفکیٹ سمیر وانکھیڑے کا ہے۔ نواب ملک نے ایک بیان میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا وانکھیڑے نے سرکاری ملازمت پانے کے لیے فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ جمع کیا تھا۔ ملک نے ایک مبینہ پیدائش سرٹیفکیٹ اور وانکھیڑے کی شادی کی تصویر کو کیپشن کے ساتھ ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’یہاں سے شروع ہوا فرضی واڑا۔ پہچان کون!‘‘