ٹوئٹر پر جاری بیان میں آل راؤنڈر نے خود پر لگے الزامات کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ میرے خلاف غلط خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں/ فائل فوٹو
بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی جانب سے خود پر لگے الزامات پر وضاحت پیش کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کررہا تھا کہ کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد جب دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے وطن واپس پہنچے تو ائیرپورٹ پر ممبئی کسٹمز نے ہاردک پانڈیا کی 5 کروڑ مالیت کی قیمتی گھڑیاں ضبط کرلیں۔
رپورٹس کے مطابق کرکٹر کے پاس ان گھڑیوں کی رسید موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے کسٹم حکام نے ان کی دو گھڑیاں ضبط کیں تاہم آج صبح ہاردک پانڈیا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں آل راؤنڈر نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ میرے خلاف غلط خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں جس کی وضاحت پیش کرنا چاہتا ہوں۔
— hardik pandya (@hardikpandya7) November 16, 2021
انہوں نے کہا کہ 15 نومبر پیر کی صبح وطن واپس پہنچنے پر ممبئی ائیرپورٹ سے اپنا سامان لینے کے بعد دبئی سے قانونی طور پر خریدی گئی اشیا کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے رضاکارانہ طور پر کسٹم کاؤنٹر گیا، کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے خریدی گئی اشیا کی رسیدیں طلب کی تھیں جو جمع کروادی تھیں۔
ہاردک نے وضاحتی بیان میں لکھا کہ میری گھڑی کی قیمت 5 کروڑ نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے ہے، کسٹمز میری خریدی گئی چیزوں کی ڈیوٹی کا تخمینہ لگا رہا ہے جو میں اداکروں گا۔
بھارتی آل راؤنڈر نے لکھا کہ ممبئی کسٹمز نے میرے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور میں نے بھی انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، ملک کے قانون اور تمام سرکاری ایجنسیوں کا احترام کرتا ہوں۔