ناندیڑ، 2 جون:(ورق تازہ نیوز) عوام کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک غذائی اشیاء فراہم کرنے کے مقصد سے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) ناندیڑ کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع بھر میں خصوصی تفتیشی مہم چلائی گئی۔ اس دوران گٹکھا، پان مسالہ، خوردنی تیل، دودھ سے تیار شدہ اشیاء اور دیگر غذائی اجناس کے ذخائر پر چھاپے مار کر بڑی مقدار میں سامان ضبط کیا گیا۔ یہ کارروائیاں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر توکارام منڈھے کی رہنمائی میں انجام دی گئیں۔
موصولہ خفیہ اطلاعات اور معمول کی جانچ کے دوران 29 مئی 2026 کو ایم اے شریف، پرانا مونڈھا ناندیڑ نامی ادارے کی تفتیش کی گئی، جہاں سے کھلے ریفائنڈ سویا بین آئل کا نمونہ لیبارٹری جانچ کے لیے حاصل کیا گیا جبکہ 718 کلوگرام خوردنی تیل، جس کی مالیت 1 لاکھ 14 ہزار 880 روپے ہے، قانون کی خلاف ورزی کے شبہ میں ضبط کر لیا گیا۔30 مئی کو رائل بیکری دھنیگاؤں، ناندیڑ سے 25 ہزار 840 روپے مالیت کے ’’ملک رسک‘‘ نامی غلط لیبل والے غذائی ذخیرے کو ضبط کیا گیا۔
اسی روز ماہور کے رحیم کرانہ اسٹور سے بھی کھلے سویا بین آئل کا نمونہ حاصل کرکے 358 کلوگرام تیل، جس کی قیمت 57 ہزار 280 روپے تھی، ضبط کیا گیا۔ مزید برآں، بھیروناتھ آئس کریم اینڈ کلفی، ہدگاؤں میں بغیر لائسنس اور غیر صحت بخش ماحول میں کاروبار کیے جانے پر کلفی اور ملک شیک کا 238 لیٹر ذخیرہ، جس کی مالیت 51 ہزار 900 روپے تھی، نمونہ لینے کے بعد تلف کر دیا گیا۔31 مئی کو دیگلور ناکہ ناندیڑ کے شعیب پان شاپ، اسلاپور کے درگا پان شاپ اور سائی شردھا پان شاپ سمیت دیگر دکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکھا اور پان مسالہ جیسے ممنوعہ غذائی اجناس ضبط کیے گئے۔ اس معاملے میں چار افراد کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کی گئی اور متعلقہ دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔2
جون کو جئے گوپال کرشن کمار اینڈ کمپنی، پرانا مونڈھا ناندیڑ سے 1,348 کلوگرام چنے کے بیسن (دنار برانڈ) کا ذخیرہ، جس کی مالیت 1 لاکھ 3 ہزار 346 روپے تھی، کم معیار اور غلط لیبلنگ کے شبہ میں ضبط کیا گیا۔ اسی روز سیف کرانہ اسٹور، شیواجی چوک، کنوٹ سے 47 ہزار 445 روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکھا اور پان مسالہ ضبط کیا گیا۔ متعلقہ شخص کے خلاف کنوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے دکان کو سیل کر دیا گیا۔تمام ضبط شدہ اشیاء کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ کارروائیاں فوڈ سیفٹی افسران سنتوش کنکواڈ، رِشیکیش مریوار، انکیت بھیسے، ارون تمڈوار، اے این گری، شلپا شریرامے، امریتا دودھاٹے اور بالاجی سونٹکے کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر سنجے چٹٹے، آر ایم بھرکڑ اور چھترپتی سنبھاجی نگر ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر (فوڈ) شری کانت کرکالے کی ہدایات کے مطابق انجام دیں۔