امریلي، 4 جنوری ( یواین آئی) گجرات میں ضلع امریلي کے لاٹھی شہر میں نامعلوم شرپسندوں نے مہاتما گاندھی کے ایک مجسمے کو توڑ ڈالا ۔ پولیس نے آج بتایا کہ شہر کے اكالا روڈ پر واقع هری كرشا سروور تالاب کوخوبصورت بنانے کے تحت چند برس قبل وہاں نصب کئے گئے اس مجسمے کو گزشتہ شب توڑ دیا گیا ۔

اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کر کے مجسمہ توڑنے والوں کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ آج صبح جب مقامی لوگوں نے ٹوٹے ہوئے مجسمے کے ٹکڑے دیکھے تو پولیس کو اطلاع دی ۔

مقامی چیمبر آف کامرس کے نمائندے تاجر اور دیگر لوگوں نے وہاں پہنچ کر پولیس سے اسے توڑنے والوں کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ تالاب کی خوبصورتی کے لئے مقامی انتظامیہ نے ایک غیر سرکاری تنظیم کی مدد سے گاندھی جی کے علاوہ کچھ مذہبی مورتیوں ، تختیاں اور درخت وغیرہ بھی لگائے ہیں اور شرپسندوں نے پہلے انہیں بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔
