
بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی، 4 مئی (یواین آئی) کورنا وائرس (كووڈ -19) وبا کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس سے پوری دنیا میں اب تک 248025 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 3529408 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی شام جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 42836 افراد متاثرہیں اور 1389 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک میں اب تک 11762 افراد مکمل طورصحتیاب بھی ہوئے ہیں
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینیئرنگ مرکز (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرسب سے زیادہ امریکہ ہے اور یہاں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں۔ دنیا کا سپرپاور تسلیم کیا جانے والا ملک امریکہ میں اس مہلک وائرس سے اب تک 1158341 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 67710 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
کووِڈ-19عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 83964 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4637 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس وائرس کے سلسلے میں تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 برس کی زیادہ کے عمروالے افرااد کے تھے۔
یورپ میں سب سے زیادہ سنگین طور پر متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کے سبب اب تک 28884 افراد کی موت ہوئی ہے اور اب تک 210717 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین کووِڈ-19 سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔ یہاں اب تک 217466 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 25264 افراد کی اس کے سبب موت ہو چکی ہے۔
اس درمیان، کورونا وائرس سے انفیکشن اور اموات کے معاملے میں یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہوچکے ہیں۔ فرانس میں اب تک 168925 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 24900 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 165664 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 6866 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں. یہاں اب تک اس وبا سے 187842 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 28520 افراد اس وبا کی زد میں آکر فنا ہو چکے ہیں۔ ترکی میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 126045 ہو گئی ہے اور اس سے اب تک 3336 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس سے شدید متاثرخلیجی ملک ایران میں 98647 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 6277 افرادکی اس وبا سے موت ہوچکی ہے۔
دیگر ممالک کی طرح روس میں بھی كووڈ -19 کے کیسز مسلسل تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ روس میں کورونا وائرس کے کیسزایک لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔ وہاں اب تک 145268 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 1356 افراد اس وبا کے سبب موت کے کام آچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے بیلجیم میں 7924، برازیل میں 7051، نیدر لینڈ میں 5098، ہالینڈ میں 5056، کینیڈا میں 3795، سویڈن میں 2769، سوئٹزرلینڈ میں 1762، میکسیکو میں 2154، آئر لینڈ میں 1309 اور پرتگال میں 1063 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ملک پاکستان میں كورونا وائرس کے اب تک 20186 کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے اور اس وبا سے 462 افرااد جاں بحق ہوئے ہیں۔