
نئی دہلی:فائزر نے ہندوستان میں اپنے کووڈ-19 ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری لینے کے لیے داخل کردہ درخواست کو واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل کمپنی کو برطانیہ اور بحرین میں ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری مل چکی ہے، لیکن ہندوستان میں اس عمل کے لیے داخل درخواست کو واپس لیا جا رہا ہے۔
فائزر کے ترجمان نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’اپنے کووڈ-19 ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری پانے کے لیے فائزر نے 3 فروری کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا سبجیکٹ ایکسپرٹ کمیٹی کی میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔ میٹنگ میں ہوئے غور و خوض اور ہماری سمجھ کی بنیاد پر منظوری کے لیے مزید جانکاریوں کی ضرورت ہوگی۔ لہٰذا کمپنی نے اس وقت اپنی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’’حالانکہ فائزر اتھارٹی کے ساتھ جڑا رہے گا کیونکہ باقی جانکاریاں اکٹھا کرنے کے بعد کمپنی پھر سے منظوری کے لیے درخواست کرے گی۔ فائزر اپنی ویکسین کو ہندوستان میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ تاکہ اس ویکسین کو مستقبل میں استعمال کرنے کے لیے دستیاب کرائی جا سکے۔‘‘