حیدرآباد15اپریل (یواین آئی)کورونا وائرس کے نتیجہ میں دہلی کے ایک شخص کی اے پی کے ضلع نیلور میں موت واقع ہوگئی۔دہلی کے لکشمی نگر سے تعلق رکھنے والا یہ 56سالہ شخص حال ہی میں نیلور پہنچا تھا۔صحت کی خرابی پر اس کو سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
ڈاکٹرس جنہوں نے کورونا وائرس کی علامات کا شبہ ظاہر کیا،اس کے مختلف نمونے جانچ کے لئے بھیجے۔جانچ کی رپورٹ میں اس کو موذی مرض ہونے کا پتہ چلا۔عہدیداروں نے اس کی لاش کو فوری طورپر مردہ خانہ منتقل کردیا اور بعد ازاں حکومت کی جانب سے مقررکردہ پروٹوکول کے لحاظ سے اس شخص کی تدفین عمل میں لائی گئی۔اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ یہ شخص نیلور کیسے پہنچا اور کس کے ساتھ اس نے اتنے دن گذارے۔نیلور ضلع میں یہ کورونا وائرس کی موت کا پہلا معاملہ ہے۔