کلیان – قاتل باپ تیس گھنٹے میں گرفتار
کرائم برانچ یونٹ 1 کی کامیاب کارروائی
تھانے (آفتاب شیخ)
کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر 8 دسمبر صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ایک شخص بڑی سی بیگ لیکر گوا ناکہ بھیونڈی جانے کے لیے آٹو رکشہ میں بیٹھا۔ لیکن بیگ میں سے بدبو آنے کی وجہ سے رکشہ ڈرائیور کو اس پر شک ہوا اور ڈرائیور کے ذریعے پوچھنے پر وہ شخص بیگ رکشہ میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بیگ کھول کر دیکھنے پر اس میں ایک خاتون کی آدھی کٹی ہوئی لاش ملی جس میں صرف کمر کے نیچے کا حصہ تھا۔ جس کی رپورٹ مہاتما پھلے چوک پولیس اسٹیشن میں CR-NO-I-593/2019 تعزیرات ہند کی دفعہ 302,201 کے مطابق نامعلوم شخص کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا۔ چونکہ مقتول کی آدھی ہی لاش ملی تھی اس لیے اس کی پہچان کر معاملہ حل کرنا پولیس کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ اس معاملے میں کرائم برانچ بھی تفتیش کررہی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزم کی تلاش کے دوران کرائم برانچ کے سنجے بابر کو باوثوق ذرائع سے خبر ملی کے ملزم ٹٹوالا کا رہنے والا ہے اور اس کا نام اروند رمیش چندر تیواری عمر 47 سال ساکن اندرانگر، سائی ناتھ نگر چال، مانڈا روڈ، ٹٹوالا ہے اور وہ پون ہنس لاجسٹک ملاڑ ممبئی میں ملازمت کرتاہے۔ کرائم برانچ نے ملزم کو تلاش کر اسے حراست میں لیکر تفتیش کرنے پر اس نے بتایا کہ مقتولہ اس کی بیٹی پرنسی عمر 22 سال ہے اور اس کی بیٹی کا معاشقہ ایک لڑکے سے چل رہا تھا جس سے ناراض ہوکر اس نے اپنی بیٹی کا قتل کردیا اور لاش کی شناخت نہ ہو اس لیے اس کے ٹکڑے کر دیا۔ تھانے پولیس کمشنر وویک فنسلکر، جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر سریش کمار میکلا، ایڈیشنل کمشنر کرائم پروین پوار، ڈپٹی کمشنر کرائم دیپک دیوراج، اسسٹنٹ کمشنر قسم گولی، سنیل بجارے کی قیادت میں کرائم برانچ یونٹ 1 کے سینئر پولیس انسپکٹر نیتین ٹھاکرے، سنجو جان، رنویر بائیس، اویراج کراڑے، سندیپ باگول، سمیر اہیراو، بھوشن دائما، سرک، سوناونے، نیتین مدگل، اودے دیسائی، سنیل مانے، پرکاش کدم، نرسنگھ مہاپورے، رویندرا پاٹل، وسنت شیڑگے، سنیل جادھو، سنبھاجی مورے، سنجے بابر، توصیف خان پٹھان، دادا صاحب پاٹل، رضوان سید اور ٹیم نے کامیاب کارروائی کی۔
