کرناٹک میں تاوتے کا قہر، آٹھ لوگوں کی موت

منگلورو، 17مئی (یو این آئی) کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع اور ملناڈ علاقہ میں سمندری طوفان تاوتے کی وجہ سے تیز ہواوں اور شدید بارش سے کم از کم آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی۔ایک افسوناک واقعہ میں منگلورو ساحل سے دور سمندر میں سنیچر کو ایک کشتی پلٹ گئی۔ مقامی لوگوں نے ٹیوب کا استعمال کرکے کشتی پر سوار آٹھ لوگوں میں سے تین کو بچا لیا جبکہ دو لوگوں کی لاشیں برآمد ہوگئی ہیں اور تین لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندر نے بتایا کہ کشتی ’کورومنڈل‘ پر سوار نو لوگوں کو بچانے کی مہم کو انجام دینے کے لئے پیر کو ایک ہیلی کاپٹر منگلور ہوائی اڈے پر اترا اور راحت اور بچاو مہم پیر کو شروع ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہندستانی ساحلی محافظ اور ساحل سیکورٹی پولیس کے جوان چھ میٹر کی اونچائی تک اٹھتی لہروں اور 25میلی فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہواؤں کے سبب سمندر کی حالت خرا ب ہونے کی وجہ سے راحت اور بچاو مہم نہیں چلا سکے تھے۔ اسی کی وجہ سے بچاو مہم میں کمی آئی ہے۔

ہندستانی ساحلی محافظ کا جہاز آئی این ایس وراہ ملکی راکس سے محض 500میٹر کی دوری پر ہے اور صورتحال پر قریب سے نظر رکھی جارہی ہے۔ اس درمیان جنوبی کنڑ اور اڈوپی اضلاع میں بارش رک گئی ہے لیکن آسمان میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاستوں میں تاوتے کا اثر 20مئی تک رہنے کے آثار ہیں۔ تیز ہواوں اور طوفان کی وجہ سے جنوبی کنڑ ضلع میں بنیادی ڈھانچوں، گھروں اور سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔