ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز) تجربہ کار کانگریس لیڈر و رکم پارلیمان ناندیڑ وسنت راؤ چوان پیر کو 70 سال کی عمر میں طویل علالت کے باعث دوران علاج انتقال کر گئے۔ وہ ناندیڑ حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ بھی تھے۔ انھیں گزشتہ دنوں حیدرآباد کے KEMS اسپتال میں شریک کیا گیا تھا۔
چوہان نے حال ہی میں بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرتاپ پاٹل چکھلیکر کو شکست دے کر لوک سبھا انتخابات میں ناندیڑ حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ چوان کو مجموعی طور پر 528,894 ووٹ ملے، وہیں ان کے مخالف چکھلیکر کو 469,452 ووٹ ملے۔
وسنت راؤ چوان کا سیاسی کیرئیر
چوان 2009 میں مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے ایک آزاد رکن کے طور پر منتخب ہوئے تھے جو نائگاؤں اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے تھے۔ مئی 2014 میں، انہیں قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے ستمبر 2014 میں انڈین نیشنل کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور کانگریس پارٹی کے رکن کے طور پر 13ویں مہاراشٹر اسمبلی کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، وہ ناندیڑ حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے 18ویں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ وہ نائگاؤں میں جنتا ہائی اسکول اور کالج آف ایگریکلچر کے ٹرسٹی اور چیئرپرسن بھی تھے ۔