کلکتہ: بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے کلکتہ کے بیلیا گھاٹا میں کالی پوجا کی تقریبات میں شرکت کرنے کی وجہ سے اپنے ملک میں سخت تنقیدوں کا سامنا اور دھمکیاں ملنے کے بعد معافی مانگ لی ہے اور انہوں نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’شاید مجھے اس طرح کے مذہبی جگہوں کا دورہ نہیں کرنا چاہیے، مجھے اس کا بہت ہی افسوس ہے اور میں کوشش کروں گا کہ آئندہ ایسی حرکتوں کا دوبارہ ارتکاب نہ ہو۔
گزشتہ جمعرات کو بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن کلکتہ کے بیلیاگھاٹا میں واقع ایک کالی پوجا پنڈال کا افتتاح کرنے کے لئے پیٹراپول بین الاقوامی سرحد پوائنٹ کے راستے کلکتہ آئے تھے۔ انہیں مورتیوں کے سامنے پوجا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اگلےدن وہ بنگلہ دیش واپس چلے گئے۔ شکیب الحسن کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں وہ سخت تنقیدوں کی زد میں تھے۔