حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے درمیان رملہ میں بات چیت ہوئی ہے جو حالیہ کئی سالوں میں فریقین کے درمیان اعلیٰ سطح کی پہلی ملاقات ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بینی گینٹز اور محمود عباس کے درمیان اتوار کو ہونے والی ملاقات سے سمت میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔ اس سے پہلے حالیہ سالوں میں عباس اور اسرائیلی رہنماؤں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ تقریباً مکمل طور پر ختم ہو گیا تھا۔
اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے درمیان ملاقات اسرائیل کے نئے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کے دو روز بعد ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا تھا کہ فلسطینیوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔گینٹز کے دفتر کا کہنا ہے کہ انہوں نے محمود عباس کو بتایا ہے کہ اسرائیل فلسطینی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سلامتی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آپس میں رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔مانا جاتا ہے کہ 2014 کے بعد سے یہ فریقین کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلی سرکاری ملاقات تھی۔