
بیجنگ 28 جولائی(یواین آئی)ہندوستان اور مختلف ہمسایہ ممالک سے سرحدی تنازعہ کے تعلق سے عالمی سطح پر الگ تھلگ پڑ رہے چین نے پاکستان،نیپال اور افغانستان سے اس کی بیلٹ اور روڈ پروجیکٹ(بی آر آئی)سمیت چین-پاکستان اقتصادی راہداری(سی پی ای سی)کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
چین کے وزیرخارجہ وانگ ای نے منگل کو اس مدے پر تینوں ممالک کے رہنماوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ کر کے انتہائی اہم بی آر آئی کے علاوہ کئی دیگر اہم امور پر بات چیت کی۔مسٹر وانگ نے میٹنگ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پی ای سی)سمیت کل چار تجویز پیش کی۔چین سی پی ای سی کو افغانستان تک بڑھانا چاہتا ہے۔اس کا منصوبہ نیپال کے ساتھے ایک اقتصادی راہداری کی تعمیر کرنے کا بھی ہے۔
چاروں ممالک کورونا وائرس(کووڈ-19)وبا کے خلاف جنگ میں آپسی تعاون بڑھانے اور ساتھ ہی علاقائی رابطہ میں اضافہ کر کے معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ظاہر کیا۔اس میٹنگ میں چین کے وزیر خارجہ کے علاوہ افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ محمد حنیف آتمار ،نیپال کے وزیرخارجہ پردیپ کمار گیاولی اور پاکستان کے شاہ محمد قریشی نے حصہ لیا۔چین کی جانب سے یہ میٹنگ ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ہندوستان کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے تعلق سے کافی تناو ہے۔پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے رشتے تو پہلے سے ہی خراب چل رہے ہیں لیکن حالیہ دنوں نیپال کے ساتھ بھی اس کے رشتوں میں تلخی آئی ہے۔