پیٹرول و ڈیزل کی مہنگائی کے خلاف یوتھ کانگریس کا انوکھا احتجاج
پیٹرول پمپوں پر میلوڈی چاکلیٹس تقسیم، حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر شدید تنقید

تھانے (آفتاب شیخ)
پیٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف یوتھ کانگریس نے تھانے میں منفرد انداز میں احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر نے اپنے کارکنان کے ساتھ مختلف پیٹرول پمپوں پر ڈرائیوروں میں میلوڈی چاکلیٹس تقسیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ یہ احتجاج ’’وائس آف مہاراشٹر، تھانے کی تبدیلی‘‘ مہم کے تحت کیا گیا۔
اس موقع پر قومی سکریٹری شمبھاوی شکلا، نائب صدر سید آفرین مظفر حسین، ریاستی سکریٹری مہر چوپانے، جنرل سکریٹری دیپک پاٹھک، سکریٹری پرشانت پروے، کلیان ضلع صدر جپجیت سنگھ، تھانے ودھان سبھا صدر لوکیش گھولپ، تھانے شہر نائب صدر محمد بلال قاسم قریشی، کلوا ممبرا ودھان سبھا صدر وسیم حضرت، آکاش پوار، ساحل مہیترے، شعیب شیخ، سلمان خان، رئیس شیخ، آصف خان، راہل پٹیل، ارمان شیخ اور دیگر کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے شیوراج مورے نے بی جے پی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو آن لائن کام کرنے کا مشورہ دیتی ہے، لیکن یہ نہیں بتاتی کہ پیٹرول آن لائن کیسے بھروایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے دوچار ہے جبکہ عوام مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں۔ اسی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے یوتھ کانگریس کی جانب سے میلوڈی چاکلیٹس تقسیم کر کے علامتی احتجاج کیا گیا۔