کلکتہ11 جنوری(یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی کے دوروزہ کلکتہ دورے کے موقع پر جگہ جگہ ”مودی واپس جاؤ“ کے نعرے کے ساتھ احتجاج ہورہا ہے۔پولس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کے دوران دمدم ائیر پورٹ سے کلکتہ آنے والے راستے پر جگہ جگہ مودی واپس جاؤ کے بینر کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر موجودہیں۔
تاہم وزیر اعظم ائیر پورٹ سے سڑک کے راستے راج بھون جانے کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریس کورس میں لینڈ کریں گے اور پھر وہا ں سے تقریبا دو کلو میٹر کی مسافت بذریعہ کار طے کریں گے ۔
ترنمول کانگریس اور بایاں محاذ کے طلباء شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔وہیں دوسری جانب جنوبی کلکتہ کے ”پارک سرکس میدان“ میں بڑی تعداد میں خواتین شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔جس میں بڑی تعداد غیر مسلم خواتین کی ہے۔پارک سرکس میدان میں مسلم خواتین کے احتجاج کو ”کلکتہ کا شاہین باغ“ بھی کہا جارہا ہے۔