واٹر سپلائی اسکیموں کے کاموں میں تیزی لائی جائے: گلاب راؤ پاٹل
جل جیون مشن کے تحت ہر گھر تک پانی پہنچانے کا عزم

تھانے (آفتاب شیخ)
ریاست کے پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے وزیر گلاب راؤ پاٹل نے تھانے ضلع میں مختلف واٹر سپلائی اسکیموں کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے واضح ہدایات دیں کہ جل جیون مشن کے تحت منصوبوں کو پوری صلاحیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو جلد از جلد کاموں کی تکمیل کی سختی سے ہدایت دی۔
وزیر گلاب راؤ پاٹل نے پڑگھا، واشیند، آسان گاؤں، چرپولی، اور کھرڑی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے افسران سے منصوبوں کی تفصیلات اور مسائل پر بات چیت کی۔ ان کے ہمراہ ایم ایل اے شانتارام مورے، ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر چھایا دیوی شیسودے، اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وزیر پاٹل نے کہا کہ یہ دورہ منصوبوں کی رفتار اور معیاری تکمیل کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، "ہر گھر جل… ہر گھر نل" ہمارا ڈریم پروجیکٹ ہے، اور ہم مقامی نمائندوں کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تھانے ضلع میں جل جیون مشن کے تحت 1,047 کام جاری ہیں، جن میں سے 720 مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 327 منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ کچھ کام محکمہ جنگلات کی اجازت یا دیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں، جنہیں جلد از جلد حل کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھانے ضلع میں ڈیموں کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔