صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان واشنگٹن میں تلخ تصادم شروع ہو گیا ہے۔ کئی مقامات سے تشدد کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ پولس حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹرمپ حامی افراد انتخابی نتائج کی مخالفت کر رہے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں واشنگٹن کی سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ میں شائع ایک خبر کے مطابق ہفتہ کی شب رات بھر شہر میں کئی جگہ پرتشدد تصادم کے واقعات پیش آئے۔ واشنگٹن پوسٹ نے کئی ویڈیو کا حوالہ بھی پیش کیا ہے جس میں ٹرمپ حامی اور مخالفین کے درمیان دھکا-مکی کا نظارہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ساتھ ہی دونوں طرف سے سامان اٹھا کر ہوا میں پھینکا جا رہا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو گھونسے مار رہے ہیں۔
این بی سی 4 پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق کئی مقامات پر مظاہرین اور پولس کے درمیان بھی دھکا-مکی ہوئی ہے۔ اس دوران وہائٹ ہاؤس کے باہر کچھ مظاہرین نے آگ زنی بھی کی، جس کے بعد نقاب پوش سیکورٹی افسروں نے بھیڑ کو پیچھے دھکیلا۔ علاوہ ازیں فریڈم پلازہ کے نزدیک بھی لوگ جمع ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے دیکھے گئے ہیں۔