ناندیڑ2+ اسکیم میں رواں سال کی 12ویں کاروائی دو عادی مجرمین MPDA کے تحت ایک سال کیلئے نظربند

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب ابھیناش کمار کی ہدایت پر ’’2+ اسکیم‘‘ کے تحت مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں آپریشن کریک ڈاؤن کے تحت رواں سال کی 12ویں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو عادی مجرمین کو MPDA (مہاراشٹر پریوینشن آف ڈینجرس ایکٹیویٹیز) قانون کے تحت ایک سال کے لیے نظر بند کر دیا گیا ہے۔


نظر بند کیے گئے ملزمان میں1. سنگھرش سنیل پوالے (24 سال)، ساکن بلی رام پور، ضلع ناندیڑ2. ساگر سنیل پوالے (21 سال)، ساکن بلی ر ام پور، ضلع ناندیڑشامل ہیں۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں جان لیوا حملے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے، گھروں میں زبردستی داخل ہو کر خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور شدید جسمانی نقصان پہنچانے جیسے جرائم شامل ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب ابھیناش کمار نے ضلع بھر کے فعال اور بار بار جرائم کرنے والے عادی مجرمین کی فہرست تیار کرکے ان کے خلاف سخت احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی تھی۔

متعدد بار کارروائیوں کے باوجود ان مجرمین کے رویے میں کوئی بہتری نہ آنے پر انہیں MPDA قانون کے تحت نظر بند کرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔ناندیڑ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سال 2025 میں MPDA قانون کے تحت 37 عادی مجرمین کو جیل بھیجا گیا تھا، جبکہ سال 2026 میں اب تک 12 خطرناک مجرمین کو نظر بند کیا جا چکا ہے۔اسی طرح پولیس نے مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی دفعہ 55 کے تحت سال 2024-25 میں 165 مجرمین کو ضلع بدر کیا، جبکہ سال 2026 میں اب تک 45 مجرمین کے خلاف ضلع بدری کی کارروائی کی جا چکی ہے۔ مزید برآں دفعہ 56 کے تحت بھی 30 مجرمین کو ضلع بدر کیا گیا ہے۔ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اومکانت چنچولکر نے دونوں ملزمان کے خلاف MPDA کارروائی کی تجویز پیش کی تھی، جس پر پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب ابھیناش کمار نے سفارش کرتے ہوئے فائل ضلع کلکٹر و ضلع مجسٹریٹ جناب راہل کردیلے کو ارسال کی۔

ضلع مجسٹریٹ نے تمام شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد سنگھرش سنیل پوالے کے خلاف 3 جون 2026 اورساگر سنیل پوالے کے خلاف 5 جون 2026 کو ایک سال کے لیے MPDA قانون کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔بعد ازاں دونوں ملزمان کو حراست میں لے کرمرکزی جیل اورنگ آباد منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو ہراساں کرنے والے اور امن و امان کے لیے خطرہ بننے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ بھی ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading