ناندیڑ: 1- حدگاوں کے مشہور تاجر شیخ سلیم کی نعش کنویں سے برآمد – 2 قدیم پُل کے سڑک کی حالت انتہائی خستہ ‘حادثات کاخطرہ بڑھ گیا

ناندیڑ:22 نومبر۔ (ورق تازہ نیوز) فی الحال ناندیڑ شہر کی تمام اہم بڑی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔حالیہ دنوں ہوئی غیر موسمی موسلادھاربارش سے شہر کی اہم سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں۔ ناندیڑ شہر کودیگر قریبی تعلقوں سے جوڑنے والے نظام دور حکومت میں گوداوری ندی پر تعمیرپُل کے سڑک کی حالت ان دنوں انتہائی خستہ ہوگئی ہے ۔ سڑک پربڑے بڑے گڑھے ہوگئے ہیں جس سے بڑے حادثات کاخطرہ بڑھ گیا ہے حالانکہ روزانہ چھوٹے موٹے حادثات رونما ہورہے ہیں۔

اس پُل کی سڑک سے روزانہ ہیوی گاڑیاں جیسے بس ‘ٹرک ‘ٹراویلس اور دیگر جیپ ‘کاریں‘آٹورکشہ گزرتے ہیں ۔اس پُل کی چوڑائی کم ہونے سے بھی یہاں پر ٹرافک کے مسائل کھڑے ہورہے ہیں ۔لیکن سڑک کی حالت بد سے بدتر ہوگئی ہے یہاں سے سڑک پوری طرح غائب ہوگئی ہے بس صرف بڑے بڑے گڑھے نظر آرہے ہیں۔ان بڑے گڑھوں سے کسی طرح ہیوی گاڑیاں گزررہی ہیں لیکن چھوٹی گاڑیوں جیسے موٹرسائیکل ‘آٹورکشہ ‘چھوٹی کارچلانے والوں کو بہت مشکلات کاسامناکرناپڑرہا ہے ۔

بالخصوص رات کے اندھیرے میں گاڑی چلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔اس لئے روزانہ چھوٹے موٹے حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ریلوے اسٹیشن تک واجے گاوںتک سڑک کی حالت بہت خراب ہوگئی ہے ۔حالانکہ چند دنوں سے ریلوے اسٹیشن تادیگلورناکہ تک سڑک کے گڑھوں کوعارضی طور پر بندکرنے کاکام کیاجارہا ہے لیکن اسکے باوجودآج بھی سڑکوں پر چھوٹے گڑھے موجود ہے ۔

اسلئے سڑک کی دوبارہ تعمیرکرنا بہت ضروری ہوگیا ہے ورنہ چند دنوں بعد بندہوئے گڑھے دوبارہ نمودار ہوجائیںگے ۔عوام کاکہنا ہےکہ قدیم پُل پرکوئی بڑا حادثہ رونما ہوا س سے قبل ناندیڑ محکمہ تعمیرات عامہ قدیم پُل سڑک کی فی الفور مرمت کرے ۔

حدگاوں کے مشہور تاجر شیخ سلیم کی نعش کنویں سے برآمد

حدگاوں:22نومبر۔(ورق تازہ نیوز)شہرکے ٹول ناکہ کے قریب واقع ایک کنویں سے شہر کے معروف تاجر شیخ سلیم شیخ احمدعمر 45 سال کی نعش جمعرات کی شام سات بجے دستیاب ہوئی ہے ۔اس واقعہ سے سارے شہر میں ہلچل مچ گئی ہے ۔انکی مشتبہ موت پر شہر میں مختلف چہ میگویاں چل رہی ہیں ۔مگر کنویں کے کنارے سے شیخ سلیم کے کپڑے‘موبائل فون اور موٹرسائیکل دستیاب ہوئی ۔

آج بعد نماز جمعہ انکی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ جلوس جنازہ میں ہر مذہب و ملّت کے لوگوں کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔پولس اس معاملے کی تفتیش کررہی ہے اور انکی موت کی وجوہات کاپتہ لگانے کی پوری کوشش کررہی ہے۔