ناندیڑ: 7جولائی ( شیخ اکرم) رحمت نگر میں ہفتہ کی شب ساڑھے بارہ بجے بجلی کا مین تار ٹوٹ کر گھر کے باہر رکھی ہوئی موٹر سائیکلوں پر گر گیا۔ جس کے نتیجہ میں تین کے منجملہ دو موٹر سائیکل جل کر پوری طرح خاکستر ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی نمبر TF 87 سے ملت نگر جانے والی روڈ پر واقع پول نمبر 87/12 کا تار خراب ہوجانے کی وجہ سے اچانک ٹوٹ گیا اور سید خواجہ ( پلمبر) کے مکان کے روبرو کھڑی کی ہوئی موٹر سائیکل نمبر MH26AC 8413 اور MH26W 5984 پر گر پڑا ، اور مہیب آتشزدگی پھیل گئی۔ جس کی زد میں آکر دو موٹر سائیکل پوری طرح جل کر خاکستر ہوگئیں۔ یہ موٹر سائیکلیں سید عرفان اور سید الطاف کی تھی۔ آگ اس قدر سنگین تھی کہ کوئی بھی اس کے قریب جاکر پانی سے بجھانے کی ہمت نہیں کررہا تھا۔ 
جب اس واقعہ کی اطلاع سابق کارپوریٹر عبدالرحیم احمد خان و انصار احمد خان کو ملی تو وہ اپنے رُفقاءکے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے اور فائر بریگیڈ، پولیس اور محکمہ بجلی ملازمین کو فون پر اطلاع دی اور انہیں صورتحال سے واقف کروایا۔ خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ تار کے ٹوٹنے کے بعد علاقہ کے میکانک شیخ شعیب علی نے فوری طور پر ڈی پی سے فیوز کو نکال دیا تھا تاکہ برقی رَو سے کسی کو نقصان نہ ہو۔ بعد ازاں محکمہ بجلی کے ملازمین نے تار کو دُرست کیا۔ تاہم بجلی بحال ہونے تک صبح کے آٹھ بج گئے۔ اس طرح علاقہ کے بیشتر مکینوں کو رات بھر اندھیرے میں گزارنا پڑا۔ واضح رہے قبل ازیں بھی 11جولائی 2018ءکو اسی پول کاتار ٹوٹ کر گر پڑا تھا۔ جس کی وجہ سے ایک بکری کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی۔ تب بھی عوام کی جانب سے محکمہ بجلی کے تئیں ناقص پول اور لٹکتے جھولتے ہوئے تاروں کو لیکر صرف ناراضی اور غصہ کا اظہار کیا گیا، لیکن کسی نے بھی ایم ایس ای بی آفس سے تحریری شکایت نہیں کی تھی۔