ناندیڑ۔27 ستمبر (حیدر علی) : ناندیڑ شہر میں جمعہ کی رات سے مسلسل بارش جاری ہے۔ اسی بارش کے دوران دُلہے شاہ رحمن نگر علاقے میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک مکان پر آسمانی بجلی گری جس کے بعد مکان میں آگ بھڑک اُٹھی۔ اس حادثے میں مکان جل کر خاکستر ہوگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ مکان سرفراز حسین کا ہے جو اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ یہاں رہائش پذیر ہیں۔
سرفراز حسین پیشے سے پینٹر ہےاُن کا مکان نشیبی علاقے میں ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی اندر آنے کا خدشہ تھا۔ اسی سبب پورے خاندان نے رات رشتہ داروں کے گھر گزارنے کا فیصلہ کیا۔ جمعہ کی رات قریب چار بجے زور دار آواز سنائی دی، بجلی کڑکی اور مکان میں اچانک آگ لگ گئی۔
اس دوران مکان میں رکھا گیس سلنڈر بھی پھٹ گیا جس کا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ نہ صرف پورے علاقے میں جھٹکا محسوس کیا گیا بلکہ آس پاس کے گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کا سارا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اب تک یہ تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ مکان پر واقعی آسمانی بجلی گری تھی یا آگ کسی اور وجہ سے لگی۔




