ناندیڑ کی معزز شخصیت الحاج عبدالجبار چاول والا بہ دیدہ نم سپرد لحد

ناندیڑ:6جولائی (ورق تازہ نیوز) ناندیڑ کی محترم و معزز شخصیت جناب الحاج عبدالجبار ابن الحاج عبدالغفار مرحوم ( چاول والا) کو آج بعد نمازِ ظہر گنج شہیداں کربلا قبرستان میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں بہ دیدہ نم سپرد لحد کردیا گیا۔

عیاں رہے کہ جمعہ کی شب گیارہ بجے عبدالجبار صاحب نے طویل علالت کے بعد اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔ وہ عرصہ سے عارضہ گردہ میں مبتلا تھے۔ عبدالجبار صاحب کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی عزیز و اقارب، معززان شہر کی ایک بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچی اور آخری دیدار کیا۔ بعد نمازِ ظہر مرحوم کی رہائش گاہ واقع عمرکالونی سے جلوس جنازہ کا آغاز ہوا۔ جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی، تعلیمی، تجارتی و دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ غیر مسلم برادرانِ وطن کو بھی جلوس جنازہ میں دیکھا گیا۔ قبرستان کربلا میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں انہیں نمناک آنکھوں سے سپرد لحد کردیا گیا۔

پسماندگان میں بیوہ، ایک فرزند ( عبدالواحد چاول والا) ، چار دُختران کے علاوہ بھائی عبدالباقی، عبدالقیوم، عبدالقدیر، عبدالسلام، عبدالمقیت، عبدالواجد و دیگر شامل ہیں۔ الحاج عبدالجبار چاول والا ادارہ مرکزالعلوم کے سابق صدر رہ چکے ہیں۔ وہ انتہائی ملنسار، خوش اخلاق اور صوم و صلوٰة کے پابند تھے۔ ان کے انتقال پر ادارہ مرکزالعلوم میں بعد نمازِ عشاءایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کے لئے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading