ناندیڑ::مہاراشٹر پولیس کے تحت پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس، وزیرآباد، ناندیڑ کی جانب سے جاری ایک سرکاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کرشمہ کشور سنگھ پریہار عرف ہرشا ٹھاکر کی شکایت پر ایک شخص شیخ سلمان کے خلاف پولیس اسٹیشن ہوائی اڈہ (وِمان تل) میں جرم رجسٹر نمبر 413/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کے مطابق ملزم نے انسٹاگرام آئی ڈی کے ذریعے خاتون کو گالی گلوچ کی اور سوشل میڈیا پر ان کی توہین کی، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اسی معاملے کے سلسلے میں مزید بتایا گیا کہ 14 دسمبر 2025 کو کرشمہ کشور سنگھ پریہار عرف ہرشا ٹھاکر اور دیگر افراد نے وزیرآباد چوک، ناندیڑ میں پولیس احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑک روکو اور دھرنا احتجاج کیا، جس سے عوامی نظم و نسق متاثر ہوا۔ اس واقعہ پر پولیس اسٹیشن وزیرآباد میں جرم رجسٹر نمبر 502/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور احتجاج میں شامل افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پریس نوٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ دونوں معاملات میں باقاعدہ مقدمات درج ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے، تاہم سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے نامکمل، غلط اور گمراہ کن معلومات پر مبنی ویڈیوز اور ریلز کے ذریعے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جس سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں اور قانون و نظم و نسق کا مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔
ناندیڑ پولیس انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں، غیر مصدقہ معلومات، ویڈیوز یا ریلز پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلائیں۔ عوام صرف سرکاری اور معتبر ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
پولیس نے مزید کہا کہ ناندیڑ پولیس فورس قانون و نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے ہر وقت مستعد ہے اور افواہیں پھیلانے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔