ناندیڑ::(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلے میں 15 دسمبر 2025 سے ضابطۂ اخلاق نافذ ہے۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 15 جنوری 2026 کو رائے دہی اور 16 جنوری 2026 کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ناندیڑ شہر میں کل 20 پربھاگ (وارڈز) ہیں اور مجموعی طور پر 600 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
انتخابات اور ووٹوں کی گنتی کو پرامن، خوف سے پاک اور غیر جانبدار ماحول میں مکمل کرنے کے مقصد سے ناندیڑ ضلع پولیس انتظامیہ نے مختلف سطحوں پر جامع اقدامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں سابقہ جرائم میں ملوث افراد، غیر قانونی دھندوں میں ملوث اشخاص اور جسمانی جرائم کے مرتکبین کے خلاف زیادہ سے زیادہ روک تھام کی کارروائی کرنے کی ہدایت شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے ذمہ دار افسران کو دی گئی ہے۔
ان احکامات کے تحت BNSS کی دفعات 126، 128، 129 اور 168 کے مطابق مجموعی طور پر 363 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی دفعات 55، 56 اور 57 کے تحت 20 افراد کو شہر بدر کیا گیا، مہاراشٹر شراب بندی ایکٹ کی دفعہ 93 کے تحت 31 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ ایم پی ڈی اے کے تحت 3 افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح BNSS کی دفعہ 163 کے تحت 604 افراد (کچھ مدت کے لیے شہر بدر) کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
ناندیڑ شہر کے تمام پولیس اسٹیشن حدود میں روٹ مارچ کیا جائے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ خود ہر پولیس اسٹیشن حدود میں پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرکے معائنہ کر رہے ہیں اور متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگیں لے کر ضروری ہدایات دے رہے ہیں۔ پولیس اسٹیشن سطح پر شانتی کمیٹی، محلہ کمیٹی، کارنر میٹنگز اور سب ڈویژنل پولیس افسران کی سطح پر معزز شہریوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے عوام میں بیداری پیدا کی جا رہی ہے اور پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی جا رہی ہے تاکہ ووٹنگ کا عمل پُرامن طور پر مکمل ہو۔
ووٹنگ کے دن ہر پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے، ڈرون کیمرے اور ہینڈ ویڈیو کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی رکھی جائے گی۔ قانون و امن کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 103 گاڑیوں کے ذریعے پیٹرولنگ تعینات کی گئی ہے۔ فی الحال ناندیڑ شہر میں شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک ضلع کے 13 پولیس اسٹیشنوں کے انچارج افسران کو پیٹرولنگ اور ناکہ بندی کے لیے مقرر کیا گیا ہے، اور روزانہ کارروائی جاری ہے۔
میونسپل کارپوریشن انتخابات کو پُرامن طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پولیس انتظامیہ کی جانب سے 1 پولیس سپرنٹنڈنٹ، 2 ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ، 7 سب ڈویژنل پولیس افسران، 21 پولیس انسپکٹر، 148 پولیس افسران، 1483 پولیس اہلکار، 12 رائٹ کنٹرول پلاٹون، 20 اسٹرائیکنگ ٹیمیں، بیرونِ ضلع سے 15 پولیس افسران اور 100 پولیس اہلکار، 1 پروبیشنری ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 15 پولیس سب انسپکٹر، 1 ریزرو رورل پولیس کمپنی اور 1350 ہوم گارڈس تعینات کیے گئے ہیں۔
ناندیڑ شہر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے پولیس انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈائل 112 یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں، قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں، کیونکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔