ناندیڑ:26جون ۔(ورق تازہ نیوز)شہر کے جئے بھیم نگر میں 20سالہ نوجوان کوقتل کرنے کے مقدمہ میں تین ملزمان کو فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج ایس ایس کھرات نے دس سال قید بامشقت کی سزااور دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔
9مارچ 2017 کو شہرکے جئے بھیم نگر میں شادی کی تقریب تھی۔شادی سے باہر نکلنے کے بعد تین نوجوان ماروتی جوندھڑے نامی نوجوان کومارپیٹ کررہے تھے اس لئے بودھ بھوشن ماروتی کامڑے اور اجئے گوپی چند جھگڑا رفع دفع کرنے گئے تھے اس وقت تینوںنوجوانوں نے انھیں کہا کہ” تم لوگ ہمارا جھگڑا رفع دفع کرنے والے کون ہو“اورخنجر سے اجئے پروار کردیا۔ پہلے وار میں اجئے بچ گیا لیکن بعدمیں دونوں نوجوانوں نے اسے پکڑلیااور تیسرے نوجوان نے خنجر گھونپ دیا ۔خون میں لت پت اجئے کو دواخانہ منتقل کیاجارہاتھا دوران سفر اسکی موت ہوگئی ۔
ماروتی جوندھڑے اور قاتلوں کے درمیان موبائل کے لین دین پر پہلے سے تنازعہ چل رہاتھااورپھر اجئے کے قتل پر تنازعہ ختم ہوگیا ۔اس ضمن میں بودھ بھوشن کامڑے نے شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس کی بناءپر آتش عرف اکشے گوتم واگھمارے 23سال ساکن امبیڈکر نگر‘ انکیت عرف چیکو سندیپ کامڑے 19سال ساکن امبیڈکر نگر‘ نیہال عرف شیٹی پائیک راو 21سال ساکن جئے بھیم نگر ناندیڑ کے خلاف قتل کامقدمہ درج کیاگیا ۔ شیواجی نگر پولس کے انسپکٹر دنیش کاشد اور اسکے بعد پی آئی وٹھل پاٹل نے تفتیش مکمل کی۔تینوں ملزمین کو گرفتا ر کرکے عدالت میںچارج شیٹ دائر کی ۔عدالت نے قتل کے اس مقدمہ میںگیارہ گواہوں کے بیانات قلمبند کئے ۔ جج کھرات نے دستیاب ثبوت کی بنیاد پر آتش ‘ انکیت اور نیہال کو تعزیرات ہند کی دفعہ 304حصہ دوم کے تحت قصوروار ٹھہرایا ۔دفعہ 304حصہ دوم کے معنی یہ ہے کہ اپنے حملہ میں اجئے کی موت ہوسکتی ہے مگر اسکے قتل کرنا انکا مقصد نہیں تھا ۔ اس واقعہ کیلئے ذمہ دار تینوں ملزمین کو دس سال قید بامشقت دو ہزار روپے جرمانہ ااورجرمانہ کی عدم ادائیگی پر دو ماہ مزید قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ۔اس مقدمہ میں سرکاری استغاثہ کی حیثیت سے ایڈوکیٹ یدوپت دیشمکھ اردھاپورکر نے پیروی کی ۔
ناندیڑ: جّواو مٹکے کے اڈوں پر پولس کے چھاپے
ناندیڑ:26جون ۔(ورق تازہ نیوز)شہر وضلع میں بڑے پیمانے پر مٹکہ و جّواکھیلا جارہاہے جس میں روزانہ سینکڑوں افراد اپنے ہزاروں روپے برباد کررہے ہیں بالخصوص غریب مزدور پیشہ افراد دن بھر کی کمائی رات ہوتے ہی جّوا کھیل کر برباد کررہے ہیں ۔ پولس نے بھی خواب غفلت سے بیدار ہوکرشہر میں جاری دس جوے کے مقامات پر چھاپے مارے ہیں اور کچھ مٹکہ بُکی حراست میں لے گئے ۔ شہروضلع بھر میں مٹکہ کھلے عام چلایاجارہا ہے ۔ایس پی سنجے جادھو نے جس پولس اسٹیشنوں کے حدود میں مٹکہ وجواجاری رہے گا انکے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی اس طرح کا اشارہ دیا تھالیکن اس پر کوئی اثر نہیں ہوا ۔گزشتہ روز پولس نے شہر میںدس مقامات پر چھاپے مارے اور مٹکہ چلارہے افراد کو حراست میں لے کر اُنکی تحویل سے تھوڑا بہت مال برآمد کیا ہے ۔اس دوران بھاگیہ نگر حدود کے چھترپتی چوک سے 2750 روپے“وزیرآباد حدودکے دولہے شاہ رحمن نگر ‘کھڑک پورہ سے 1550 روپے‘ریلوے دواخانہ روڈ سے 1160 ‘پہلوان چکن سنٹر کے سامنے سے 750 ‘ ائیر پورٹ پولس اسٹیشن حدودکے مہارانہ پرتا چوک سے 1160‘سدھارتھ پاٹی کے قریب سے 1420 ‘ ناندیڑ دیہی حدود کے مقیت فنکشن ہال کے سامنے سے 750 روپے ‘ اوراتوارہ پولس اسٹیشن حدود کے ہتائی کربلا روڈ علاقہ میں جواریوں کی تحویل سے 1220 روپے‘سٹی زن جیم کامپلکس کے روبرو سے 875 روپے‘ قدیم مونڈھا میں چھاپہ مارکر 2490 روپے ضبط کئے گئے ۔پولس نے دوران جواریوں کوبھی حراست میں لیا ۔