2 دسمبر کو ووٹنگ، 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی
ناندیڑ، 5 نومبر (ورقِ تازہ نیوز): ناندیڑ ضلع کی 12 میونسپل کونسلوں اور ایک نگر پنچایت کے کُل 269 اراکین کے لیے منگل 2 دسمبر 2025 کو ووٹنگ جبکہ بدھ 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ ناندیڑ ضلع کی ان 13 بلدیاتی اداروں کے انتخابی شیڈول کا اعلان 4 نومبر کو ریاستی الیکشن کمیشن نے کیا۔ اعلان کے ساتھ ہی ان تمام علاقوں میں ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔ اس تعلق سے تفصیلی معلومات کلکٹر راہول کارڈیلے نے کلکٹر آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں فراہم کیں۔
ناندیڑ ضلع میں درج ذیل میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایت کے انتخابات ہوں گے:
دھرم آباد، کِنوَٹ، حدگاؤں، دیگلور، بھوکر، عمری، مُکھیڑ، قندھار، بلیولی، کنڈلواڑی، مُدکھیڑ، لوہا اور نگر پنچایت حمایت نگر۔
کل 12 میونسپل کونسلوں اور ایک نگر پنچایت کے دائرہ میں 2 لاکھ 98 ہزار 40 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے، جن میں 1 لاکھ 47 ہزار 165 مرد، 1 لاکھ 50 ہزار 858 خواتین اور 20 دیگر ووٹرز شامل ہیں۔ ووٹنگ کے لیے 351 مراکز قائم کیے جائیں گے۔
ان 12 میونسپل کونسلوں میں دیگلور بی کیٹیگری میں جبکہ باقی تمام سی کیٹیگری کی کونسلیں اور نگر پنچایت شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 141 وارڈز میں انتخابات ہوں گے۔
الیکشن شیڈول کے مطابق:انتخابی پروگرام جاری کرنے کی تاریخ: 6 نومبر 2025۔نامزدگی فارم داخل کرنے کی شروعات: 10 نومبر 2025۔آخری تاریخ: 17 نومبر 2025 (شام 3 بجے تک)
اسکروٹنی (جانچ): 18 نومبر 2025
غیر اپیل والے مقامات پر دستبرداری کی آخری تاریخ: 21 نومبر 2025
اپیل والے مقامات پر آخری تاریخ: 25 نومبر 2025
امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشان کی تقسیم: 26 نومبر 2025
ووٹنگ: منگل، 2 دسمبر 2025 صبح 7:30 تا شام 5:30 بجے تک
ووٹوں کی گنتی: بدھ، 3 دسمبر 2025 صبح 10 بجے سے
نتائج کے اعلان کے بعد متعلقہ علاقوں میں ضابطہ اخلاق خودبخود ختم ہوجائے گا۔
ذات (کاسٹ) تصدیق نامہ:
محفوظ نشستوں پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو ذات کا سرٹیفکیٹ اور ذات کی توثیق (Validity Certificate) پیش کرنا ضروری ہے۔ اگر تصدیق نامہ دستیاب نہ ہو تو امیدوار کمیٹی کو دی گئی درخواست کی رسید کے ساتھ فارم جمع کرسکتا ہے۔ حکومت کے 3 نومبر 2025 کے آرڈیننس کے مطابق منتخب ہونے کے بعد 6 ماہ کے اندر تصدیق نامہ جمع کرانا لازمی ہے، بصورت دیگر انتخاب ازخود کالعدم قرار دیا جائے گا۔
نامزدگی کا عمل آن لائن:
نامزدگی کا عمل مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔ امیدوار کو لازمی طور پر https://mahasecelec.in ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرکے آن لائن فارم بھرنا ہوگا، اس کی پرنٹ لے کر دستخط کے ساتھ مقررہ وقت میں ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔
دوہرے ووٹرز پر نگرانی:
ووٹر لسٹ میں ممکنہ دوہرے ناموں کے آگے (**) نشان دیا گیا ہے۔ ایسے ووٹرز کو مطلع کیا جائے گا کہ وہ کس پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ عدم جواب کی صورت میں ان سے تحریری اقرار لیا جائے گا کہ وہ کسی دوسرے مرکز پر ووٹ نہیں دیں گے۔
ضابطہ اخلاق :انتخابی اعلان کے ساتھ ہی تمام 12 میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایت کے علاقوں میں ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے جو نتائج کے اعلان تک برقرار رہے گا۔ اس دوران کوئی بھی سیاسی اعلان یا عمل جو ووٹروں پر اثر ڈالے، منع ہے۔ تاہم قدرتی آفات یا ہنگامی امداد کے معاملات اس سے مستثنیٰ رہیں گے۔
اہم تاریخیں:
نامزدگی فارم جمع کرنے کی شروعات: 10 نومبر 2025
آخری تاریخ: 17 نومبر 2025
جانچ: 18 نومبر 2025
دستبرداری (غیر اپیل والے): 21 نومبر 2025
دستبرداری (اپیل والے): 25 نومبر 2025
ووٹنگ: 2 دسمبر 2025
ووٹوں کی گنتی: 3 دسمبر 2025