ناندیڑ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوسطاً 8.10 ملی میٹر بارش
ناندیڑ:23 جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ضلع میں اتوار 23 جولائی کی صبح اختتام پذیر گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوسطاً 8.10 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ ضلع میں اب تک جملہ 387.80 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار 23 جولائی کی صبح تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی بارش ملی میٹر میں تعلقہ کے اعتبار سے حسب ذیل ہے۔ ناندیڑ 5.30 ملی میٹر۔ بلولی 2.40 ملی میٹر۔ مکھیڑ 0.80۔ قندہار 1.80۔ لوہا 1.90۔ حدگائوں 21.30۔ بھوکر 8.90۔ دیگلور 0.30۔ کنوٹ 21.70۔ مدکھیڑ 6.80۔ حمایت نگر 13.30۔ ماہور 31.70۔ دھرم آباد 3.10۔ عمری 2.90۔ اردھاپور 8۔ نائیگائوں 2.10 ملی میٹر بارش۔
موبائل چھین کر فرارہونے والے تین ملزمین کو عدالتی تحویل
ناندیڑ:23 جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ایک مزدور کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے اس کا موبائل جبراً چھین کر فرارہونے والے چار ملزمین کو ایئرپورٹ پولیس نے چندہی گھنٹوں میں حراست میں لے لیا۔ ان چار ملزمین میں ایک نابالغ لڑکا بھی شامل ہے۔ آج عدالت نے تین ملزمین کو عدالتی تحویل میں روانہ کیا ہے۔ منگل سنگھ جھمر ٹیکام نامی نوجوان ( متوطن مدھیہ پردیش) ناندیڑکے سانگوی بریج کے قریب ٹین شیڈ میں رہتاہے۔ وہ کے پی ایل کمپنی نوئیڈا میں مزدور کے طور پر کام کرتاہے۔ 22 جولائی کی شب تمام ملازمین سو گئے تھے۔ رات ساڑھے نو بجے کے قریب منگل سنگھ قضائے حاجت کے لئے بیدار ہوا، تب چار افراد نے اس کا موبائل جبراً چھین لینے کی کوشش کی۔
نوجوان نے مزاحمت کی تو ان چار افرادنے اُس کے ساتھ مارپیٹ کی ۔ چیخ و پکار سن کر قریب ہی موجود لوگ وہاں آئے تو یہ چار لٹیرے منگل سنگھ کا دس ہزار روپئے مالیتی موبائل چھین کر وہاں سے فرار ہوگئے۔ اس معاملہ میں 23 جولائی کی شب تعزیرات ہند کی دفعہ 394,34 کے تحت جرم نمبر 252/2023 درج کیا گیا ہے۔ پولیس انسپکٹر ناگناتھ آئیلانے کی رہنمائی میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر
؎وجئے جادھو، پولیس سب انسپکٹر بھوسیکر، پولیس حوالدار داراسنگھ راٹھوڑ اور ویجناتھ کانگلے نے منگل سنگھ کا موبائل چوری کرنے کے الزام میں اُدیے عرف لڑیا بھگوان ہاتانگے ( 19 سال، ساکن لکشمی نگر،ناندیڑ)، روی یلپّا آروٹے (22 سال، ساکن کیرور تعلقہ بلولی، حال مقیم گنگانگر سوسائٹی ناندیڑ)، دیپک مدھوکر گائیکواڑ ( 23 سال، ساکن شیونگر ناندیڑ) اور ایک نابالغ لڑکے کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے منگل سنگھ کا موبائل بھی ضبط کرلیا ہے۔ آج تین ملزمین کو فرسٹ کلاس جوڈیشنل مجسٹریٹ نے عدالتی تحویل میں روانہ کرنے کا حکم دیا۔
وزیر رابطہ مہاجن نے کیا سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ
ناندیڑ:23 جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ضلع بھر میں گزشہ چار روز سے جاری موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جس کی وجہہ سے فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہواہے۔ ناندیڑ ضلع کے وزیر رابطہ گریش مہاجن نے آج ناندیڑ ضلع کے دورہ کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ جولائی مہینہ میں بارش کا سلسلہ شروع ہواہے۔ ناندیڑ ضلع میں گزشتہ چار روز سے موسلادھار بارش ہوئی، جس کی وجہہ سے کئی علاقوںمیں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
سب سے زیادہ نقصان بلولی، دیگلور، مکھیڑ،کنوٹ، ماہور، حمایت نگر و حدگائوں تعلقہ میں ہوا۔ ہزاروں ہیکٹر فصلیں تباہ و برباد ہوگئیں۔ کئی گھروں کو نقصان ہوا۔ جبکہ کئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔ وزیر رابطہ گریش مہاجن نے ناندیڑ ضلع کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوںکا معائنہ کیا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں اور ضلع انتظامیہ سے نقصان کے بارے میںمعلومات حاصل کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ پرتاپ پاٹل چکھلی کر، رکن اسمبلی رام پاٹل راتوڑیکر، ضلع کلکٹر ابھیجیت راوت، سی ای او مینل کرنوال، بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر سنتوک ہربنڈے، سابق رکن اسمبلی سبھاش سابنے موجود تھے۔
اردھاپور راستہ پر اناج کا ٹرک پکڑا گیا
ناندیڑ:23 جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) اردھاپور۔ ناندیڑ راستہ پر ہائی وے پولیس چوکی کے قریب راشن شاپ کے چاول سے بھرا ہوا ٹرک پکڑا گیا ہے۔ اس معاملہ میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس ناندیڑ دیہی میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر دشرتھ گووند رائو تلیدوار کی دی گئی شکایت کے مطابق 22 جولائی کی صبح 9 بجے کے قریب اردھاپور ہائی وے پولیس چوکی کے قریب ٹرک نمبر MH-26-BE-9397 کی جانچ کی گئی تو اس میں تقریباً 30 ٹن وزنی 15 تھیلے راشن کے چاول بھرے ہوئے تھے۔
جس کی مالیت 9 لاکھ روپئے اور ٹرک کی قیمت 25 لاکھ روپئے، اس طرح جملہ 34 لاکھ روپئے کی مالیت ضبط کی گئی ہے۔ ٹرک ڈرائیور شیخ محمد شیخ رحیم ( ساکن پاکیزہ نگر ناندیڑ) و ہرجی سنبھاجی راجے گورے ( ساکن شیل گائوں، تعلقہ اردھاپور) کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے۔
ریچھ کے حملہ میں ایک خاتون ہلاک ، ایک زخمی
ماہور :23 جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ماہور تعلقہ میں مچھی چندر پارڈی او رموضع بنجارہ تانڈا میں آوارہ ریچھوں کی دہشت پائی جارہی ہے۔ اتوارکی صبح ایک ریچھ کے حملہ میں ایک کسان خاتون کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر ایک کسان زخمی ہواہے۔ زخمی کسان کو علاج کے لیے ایوت محل کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہور تعلقہ میں گزشتہ ہفتہ ایک ریچھ کے حملہ کی واردات رونما ہوئی تھی۔ ایک اسکول میں ریچھ اور ماہور میں جنگلی خنزیر نے کافی دہشت مچا دی تھی۔
دریں اثناء 23 جولائی کو صبح کے وقت دو کسانوں پر جنگلی خنزیر نے جان لیوا حملہ کیا۔ مچھی چندر پارـڈی کی ساکن لکشمی بائی راجیندر ناتھ لاکھے ( عمر52سال، پیشہ کھیتی باڑی) کھیت میں کام کررہی تھی کہ جنگلی ریچھ نے اس پر حملہ کردیا اور اس کے بعد اس کے بدن کو نوچھ کر اِدھر اُدھر گھسیٹ کر شدید لہولہان کردیا۔ چیخ و پکار سن کر آزو بازو کے کھیت میں کام کرنے والے لوگوں نے پہنچ کر خاتون کو ریچھ سے آزاد کروایا اور فوری طور پر ماہور کے دیہی اسپتال میں شریک کیا۔ یہاں ابتدائی علاج کے بعد جناب فیروز دوسانی نے زخمی خاتون کو ایوت محل روانہ کرنے میں مدد کی۔ تاہم ایوت محل کے دواخانہ میں دوران علاج خاتون کی موت ہوگئی۔
اسی طرح دوسری واردات میں بنجارہ تانڈہ میں راجو موہن پوار ( عمر 40 سال) اپنے کھیت میں کام کررہا تھا، تب وہاں جنگلی خنزیر پیچھے سے آکر حملہ کردیا۔ اور راجو موہن کے دونوں پیروں کے ران پر کاٹ دیا۔ اس موقع پر وہاںموجود لوگوں کی چیخ و پکار سن کر جنگلی خنزیر بھاگ گیا۔ دیہی اسپتال میں راجو موہن کا ابتدائی علاج کرنے کے بعد اُسے مزید علاج کے لیے ایوت محل لے جایا گیا ہے۔
مچھی چندر پارڈی راستہ پر واقع جنگل میں کام کرنے والے فاریسٹ میر ساجد علی اور فاریسٹ گارڈ گیڈام کو جیسے ہی ان واقعات کی اطلاع ملی وہ فاریسٹ آفیسر روہت جادھو کی رہنمائی میں شہریان کی مدد سے دونوں زخمیوں کو ماہور کے اسپتال میں شریک کروائے اور مزید علاج کے لیے ایوت محل روانہ کیے۔