ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز)الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں اپریل 2026 سے ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظرثانی پروگرام (SIR) شروع ہونے کا امکان ہے۔ اسی کے پیش نظر ضلع ناندیڑ میں جاری ووٹر فہرست کے رائے دہندگان کا سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں شامل ووٹروں کے ساتھ میپنگ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ضلع کلکٹر و ضلع انتخابی افسر راہل کرڈیلے (آئی اے ایس) کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام بی ایل او اور بی ایل او سپروائزر کو 16 مارچ 2026 تک کم از کم 95 فیصد ووٹر میپنگ کا کام مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ بلر فوٹو رکھنے والے ووٹروں کے نئے رنگین فوٹو جمع کرکے اپڈیٹ کرنا، DSE ریکارڈ کی جانچ، زیر التواء فارم 6، 7 اور 8 کو نمٹانا اور Book a Call میں زیر التواء شکایات کا ازالہ بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 9 مارچ 2026 تک ضلع میں کم از کم 70 فیصد میپنگ مکمل ہونا متوقع تھا، تاہم جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ضلع کے 9 اسمبلی حلقوں اور 16 تعلقوں میں مجموعی میپنگ 50 فیصد سے بھی کم ہے۔ بعض بی ایل او کی کارکردگی صفر پائی گئی جبکہ کئی مقامات پر کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔
انتخابی حکام نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ کچھ نجی اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر اپنے ماتحت اساتذہ اور ملازمین کو، جنہیں بی ایل او مقرر کیا گیا ہے، انتخابی ڈیوٹی کے لیے فارغ نہیں کر رہے، جو انتخابی عمل میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔
حکام کے مطابق جن بی ایل او اور سپروائزر کی ڈیوٹی دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں لگائی گئی ہے وہ امتحانی کام مکمل کرنے کے بعد فوری طور پر ووٹر میپنگ اور دیگر انتخابی امور مکمل کریں۔
ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں تمام بی ایل او اور سپروائزر کو 10 مارچ سے 31 مارچ 2026 تک کے لیے اپنی معمول کی ذمہ داریوں سے فارغ کیا گیا ہے تاکہ وہ انتخابی کام مکمل کرسکیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی اہلکار کی جانب سے اس کام میں کوتاہی یا ٹال مٹول کی گئی تو اس کے خلاف عوامی نمائندگی قانون 1950 کی دفعہ 32، عوامی نمائندگی قانون 1951 کی دفعہ 134 اور بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعہ 223 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔