ناندیڑ (ورق تازہ نیوز) ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پہلی میئر کے طور پر کویتا مُلے کی تقرری تقریباً طے ہو گئی ہے، جبکہ ڈپٹی میئر کے عہدے پر دیپ سنگھ راوت کا انتخاب متوقع ہے۔
آج میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے لیے نامزدگی فارم داخل کیے گئے، جن میں بی جے پی کی جانب سے میئر کے لیے کویتا سنتوش مُلے اور ڈپٹی میئر کے لیے دیپک سنگھ راوت نے پرچے جمع کرائے۔ ناندیڑ میں بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہونے کے باعث ان دونوں کی کامیابی اب محض رسمی اعلان کی منتظر ہے۔
میئر کے لیے نامزد کویتا مُلے وارڈ نمبر 2، تروڑا (بُدروک) سے بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی ہیں، جبکہ ڈپٹی میئر کے امیدوار دیپک سنگھ راوت وارڈ نمبر 16، وزیرآباد / گاڑی پورہ سے بی جے پی کے کارپوریٹر ہیں۔
میونسپل کارپوریشن میں میئر کے انتخاب کا عمل انتظامی سطح پر جمعرات 5 فروری سے شروع ہوا تھا۔ آج جمعہ 6 فروری کو امیدواروں کے نامزدگی فارم قبول کیے گئے۔ اس کے بعد 10 فروری کو خصوصی اجلاس میں میئر اور ڈپٹی میئر کا باضابطہ انتخاب کیا جائے گا۔ اس مرتبہ میئر کا عہدہ جنرل خاتون زمرے کے لیے محفوظ ہے، جس کے تحت کویتا مُلے کے میئر اور دیپک سنگھ راوت کے ڈپٹی میئر منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان 10 فروری کو متوقع ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس بار میونسپل انتخابات میں پہلی مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے اور پارٹی نے اپنے بل بوتے پر 45 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔