ناندیڑ اور ہنگولی لوک سبھا الیکشن کانگریس پارٹی لڑے

ممبئی:4 جون ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ ضلع اور ہنگولی ضلع کے لیڈران اور ورکرس نے کانگریس پردیش کمیٹی سے مانگ کی ہے کہ لوک سبھا الیکشن 2024 میں دونوں حلقوں میں کانگریس پارٹی اپنے اُمیدوار کھڑے کریں، کیونکہ یہ دونوں لوک سبھا حلقے کانگریس پارٹی کے کھات میں رہے ہیں۔ مہاراشٹر کانگریس پارٹی کمیٹی کے ممبئی میں اجلاس میں اس طرح کی مانگ کی ہے۔

اجلاس میں پردیش صدر نانا پٹولے، سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے، اشوک رائو چوہان، پرتھوی راج چوہان، پردیش کارگزار صدر بسوراج پاٹل، پردیش جوائنٹ انچارج سمیت کمار، عارف نسیم خان، ایم ایل اے پرمنیت شندے، موتل پاٹل اور دیگر شریک تھے۔ ہنگولی اور ناندیڑ ضلع کے لیڈران نے یقین ظاہر کیا کہ اشوک رائو چوہان دونوں حلقوں میں جو اُمیدوار دیں گے وہ اکثریتی ووٹوں سے چن کر آئیں گے۔

اجلاس کے آخر میں اعلان کیا گیا کہ دونوں حلقوں کے امیدوار کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری اشوک رائو چوہان کو سونپی گئی ہے۔ اس موقع پر سابق ایم ایل سی امرراجورکر نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا سے کانگریس پارٹی کی ساکھ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ سابق ایم پی بھاسکر رائو پاٹل کھت گائونکر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ناندیڑجنوب کے ایم ایل اے موہن ہمبرڈے، ایم ایل اے جتیش انتاپورکر، سابق ایم ایل اے اوم پوکرنا اور کانگریس پارٹی کے مختلف سیل اور کمیٹیوں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ واضح ہو کہ ناندیڑ حلقہ الیکشن میں لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار پرتاپ پاٹل چکھلی کر نے اشوک رائو چوہان کو شکست دے کر جیت حاصل کی تھی جبکہ ہنگولی میں کانگریس پارٹی کے اُمیدوار کو شیوسینا کے امیدوار ہیمنت پاٹل نے شکست دی تھی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading