ناندیڑ:پیر برہان نگر میں میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات ہٹاؤ مہم، مقامی افراد کا احتجاج، امتیازی کاروائی کا الزام

ناندیڑ، نمائندہ:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آج شہر کے پیر برہان نگر علاقے میں بڑے پیمانے پر تجاوزات ہٹاؤ مہم چلائی گئی۔ کارروائی کے دوران متعدد تعمیرات اور دکانوں کے سامنے موجود سامان ہٹایا گیا، تاہم اس مہم کے دوران مقامی شہریوں اور تاجروں نے کارپوریشن کی کارروائی پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ قرار دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے دوران بعض ایسے افراد کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا جن پر تجاوزات قائم کرنے کا الزام نہیں تھا۔ اس بات پر میونسپل عملے، پولیس اور مقامی افراد کے درمیان گرما گرم بحث و تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔مقامی افراد کا الزام ہے کہ کارروائی کے دوران پولیس نے سختی اور زور زبردستی کا مظاہرہ کیا، جبکہ احتجاج کرنے والے چند نوجوانوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

متاثرہ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹاؤ مہم کے نام پر بے قصور لوگوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔مقامی تاجروں اور رہائشیوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ شہر کے دیگر علاقوں، خصوصاً آئی ٹی آئی اور وی آئی پی روڈ پر قائم بڑے شاپنگ مالز اور تجارتی اداروں کی جانب سے فٹ پاتھوں پر کیے گئے مبینہ قبضوں کے خلاف اس نوعیت کی سخت کارروائی کبھی دیکھنے میں نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تجاوزات کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے تو قانون کا اطلاق ٍسب پر یکساں ہونا چاہیے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

اس معاملے پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خبر لکھے جانے تک کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران ہونے والی مبینہ زیادتیوں کی جانچ کرائی جائے اور آئندہ تجاوزات کے خلاف کارروائی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مساوی بنیادوں پر کی جائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading