ناندیڑ:فروغ اردو فورم کے زیراہتمام مولانا آزاد کی شخصیت اور خدمات پرادبی اجلاس‘ مقررین کااظہار خیال

ناندیڑ:12نومبر ۔(ورق تازہ نیوز)مجاہدآزادی ملک کے پہلے وزیرتعلیم امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کی مناسبت سے قومی یوم تعلیم پر 11نومبر بروز جمعرات کو دفتر ورق تازہ چوک بازار ناندیڑ میں ایک ادبی اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت مدیراعلیٰ ورق تازہ محمدتقی نے کی۔ فروغ اردوفورم ناندیڑ کے زیراہتمام منعقدہ اس اجلاس میں محمدتقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مولانا آزاد کی شخصیت تین اہم خانوں میںتقسیم ہے ۔سیاسی ‘مذہبی اورادبی ۔

انھوں نے ملک کی آزادی میں اہم اورناقابل فراموش رول انجام دیا ۔ وہ ہندستان کی تقسیم کے سخت مخالف تھے اورآخر تک اپنے اس نظریہ پرقائم رہے ۔ انھوں نے مسلمانوں کے لئے علاحدہ ریاست پاکستان کی پُرزورمخالفت کی تھی اور جو مسلمان ہندوستان سے پاکستان جارہے تھے انھیں اپناسفر راستے ہی میںختم کرنے دینے کی اپیل کی تھی ۔ یہ اپیل انھوں نے دہلی کی جامع مسجد کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر کی تھی جس کافوری اثر دیکھاگیاتھا۔چنانچہ ہندوستان سے پاکستان ہجرت کرنے کاارادہ کرنے والے کروڑوں مسلمانوں نے بھارت میںرہنے کوترجیح دی تھی۔ مولانا کاکہناتھا کہ مسلمانوں کی جان ‘امان‘مذہب اورعزت کی حفاظت کے لئے متحدہ آزاد ہندوستان کا قیام ناگزیر ہے ۔ آج ہم دیکھتے ہیں پاکستان کے مسلمانوںکے مقا بلے میں بھارت کے مسلمان کہیں درجہ فائدے میں ہیں ۔ یہاں انھیں مذہبی آزادی حاصل ہے۔انھیں اپنے دیگر ہم وطنوں کے برابر ہی تعلیم وروزگارکے مواقع حاصل ہیں ۔

کیونکہ بھارت سیکولر اورجمہوری اقدار کی بنیاد پر قائم ہوا ہے۔فروغ اردو فورم ناندیڑ کے صدرڈاکٹرارشاد احمدخاں نے مولانا آزاد ی ادبی اورمذہبی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔انھیں ہمہ جہت پہلو دار شخصیت بتایا ۔ انھوں نے مولانا آزادکی تصانیف‘ ترجمان القرآن اور خطوط کے مجموعے غبارِ خاطر کے بارے میںگرانقدر معلومات دیں۔ مولاناآزادکی مجموعی ملی اورقومی خدمات کےلئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اجلاس میںعبدالملک نظامی‘ڈاکٹر عبدالرافع ‘ڈاکٹرعبدالعلیم‘محمدنقی شاداب کے علاوہ دیگر اردو دوست احباب نے شرکت کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading