کنوٹ:11 جون ( ورقِ تازہ نیوز) کنوٹ پولیس اسٹیشن کی کرائم انویسٹی گیشن ٹیم نے ٹووہیلر سارقین کی ٹولی کے دو افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے 9 ٹووہیلر ضبط کیے ہیں۔ اس کارروائی میںکنوٹ تعلقہ کے علاوہ مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 9 ٹووہیلر ضبط کی گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے سارقین سے تفتیش کے دوران مزید جرائم کا انکشاف ہونا ممکن ہے۔ کنوٹ تعلقہ کے علاوہ اطراف و اکناف سے ٹووہیلر چوری کی وارداتوں میں کافی اضافہ دیکھاجارہا ہے۔
کنوٹ پولیس اسٹیشن میں 22 فروری 2023ءکو ٹووہیلر نمبر MH26-BV-5384 سرقہ ہونے کی شکایت راجو ہری داس بیروال (45 سال) ساکن بودھڑی نے درج کروائی تھی۔ اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کے لیے کنوٹ پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ تحقیقات کے دوران موصول ہوئی خفیہ معلومات کی بنیاد پر یمراج دھرم سنگھ راٹھوڑ ( ساکن لسن واڑی، تعلقہ ماہور) کو پولیس نے حراست میں لیا تھا اور اُسے اعتماد میں لے کر تفتیش کی۔ تب اس جرم میں اس کا ساتھی سریش عرف سوریہ اشوک پوار ( ساکن گنگانگر کنوٹ) ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے مذکورہ ملزم کو حراست میں لےکر اپنے مخصوص اسٹائل میں تفتیش کی تو مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج ٹووہیلر چوری کے مقدمات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
مذکورہ چوری کی گئی ٹووہیلروں کو سارق نے فروخت کرنے کے مقصد سے ایک پوشیدہ مقام پر رکھا تھا۔ پولیس نے سارق کے قبضہ سے 9 ٹووہیلر ضبط کی ہیں۔ جبکہ مزید تفتیش کے دوران دیگر جرائم کا انکشاف بھی ممکن ہے۔ ضبط کی گئی ٹووہیلرزہیرو ہونڈا کمپنی کی ہیں۔ پولیس نے ٹووہیلر سرقہ ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناءپولیس نے اس کارروائی میں MH26-Q-4665، MH-32-S-7987، MH-29-L-8360، MH-22-B-0588، MH26-BB-5566، MH-26-BL-5141، AP-09-TB-1119، MH-26-BG-8454، MH-29-Y-8058 اور دیگر ایک بغیر نمبر کی ٹووہیلر ضبط کی ہیں۔ مذکورہ کارروائی ضلع سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ کھنڈے رائے گھرنے، سب ڈویژنل پولیس آفیسر وجئے ڈونگرے کی رہنمائی میں کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کے پولیس سب انسپکٹر متھون ساونت، سب انسپکٹر مامڑواڑ، پولیس ہیڈکانسٹبل واڑگرے، پولیس کانسٹبل کاگنے، پولیس کانسٹبل اننتوار، پٹھان صاحب وغیرہ نے کی ہے۔
ٹووہیلر چوری کی ٹولی میں شامل دیگر افراد کو بھی پولیس فوری طور پر حراست میں لیتی ہے تو سرقہ کی وارداتوں میں کمی آسکتی ہے۔ شہر و ضلع کے کئی مقامات پر ٹووہیلر چوری کی وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہہ سے راستہ پر ٹووہیلر کھڑی کرنے یا بازار میں خریدی کے لیے جانے میں شہریان کو ٹووہیلر چوری ہونے ڈر و خوف محسوس ہورہا ہے۔