ناندیڑ: (ورق تازہ نیوز)شہر ناندیڑ میں مساج پارلر کی آڑ میں مبینہ طور پر چلائے جا رہے جسم فروشی کے اڈے کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الریاستی جسم فروشی کے ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پھولے مارکیٹ علاقے میں واقع ’ویلنس اسپا‘ (Wellness Spa) پر مارے گئے چھاپے کے دوران مختلف ریاستوں اور نیپال سے تعلق رکھنے والی 7 متاثرہ خواتین کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ 3 ملزمان کو نقد رقم اور موبائل فون سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ناندیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلاب روہن کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پھولے مارکیٹ روڈ کے قریب واقع ویلنس اسپا میں مساج کی آڑ میں غیر قانونی جسم فروشی کا کاروبار جاری ہے۔
اطلاع کی بنیاد پر مقامی جرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر اتل بھوسلے کو فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔اس کے بعد مقامی جرائم شاخ اور غیر اخلاقی انسانی تجارت انسداد سیل کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی۔ قانونی کارروائی کے لیے دو سرکاری پنچوں کو بھی طلب کیا گیا۔ پولیس نے ایک اہلکار کو فرضی گاہک (Dummy Customer) بنا کر اس کے حوالے 500 روپے کی آٹھ نشان زدہ نوٹیں، یعنی مجموعی طور پر 4 ہزار روپے، کیں۔یکم ستمبر 2026 کی رات پولیس ٹیم پھولے مارکیٹ علاقے میں پہنچی۔ فرضی گاہک کو ویلنس اسپا کے اندر بھیجا گیا اور صورتحال کی تصدیق ہونے کے بعد مس کال کے ذریعے پولیس ٹیم کو اشارہ دینے کا منصوبہ بنایا گیا۔
اشارہ ملتے ہی پولیس نے اسپا سینٹر پر چھاپہ مار دیا۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ فرضی گاہک نے اسپا مینیجر کو 2 ہزار روپے اور کمرے میں موجود خاتون کو 2 ہزار روپے دیے تھے۔ پولیس نے پنچوں کی موجودگی میں نشان زدہ نوٹیں ملزمان اور متعلقہ خاتون سے برآمد کرلیں۔پولیس نے اسپا سینٹر سے نیپال، ناگالینڈ، نئی دہلی، تھانے اور پونے سے تعلق رکھنے والی مجموعی طور پر 7 متاثرہ خواتین کو بازیاب کرایا۔چھاپے کے دوران اسپا سینٹر چلانے، انتظام سنبھالنے اور خواتین کو رقم کا لالچ دے کر جسم فروشی پر مجبور کرنے والے افراد کی شناخت اس طرح ہوئی:
1۔ حِفظ الرحمن عارف الدین، عمر 20 سال، ساکن ہوجائی، ناگاؤں، آسام — مینیجر، گرفتار
2۔ رہاج الدین رفیق الدین، عمر 20 سال، ساکن ہوجائی، ناگاؤں، آسام — گرفتار
3۔ یحییٰ احمد عبد الواحد، عمر 19 سال، ساکن ہوجائی، ناگاؤں، آسام — گرفتار
4۔ سنتوش باگھے — اسپا مالک، فرار
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کے موبائل فون، نقد رقم اور جسم فروشی کے لیے استعمال ہونے والا دیگر سامان سمیت مجموعی طور پر 1 لاکھ 71 ہزار 920 روپے مالیت کا مالِ مسروقہ/مضبوط شواہد ضبط کیے ہیں۔اس معاملے میں مذکورہ چاروں ملزمان کے خلاف شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 387/2026 کے تحت غیر اخلاقی انسانی تجارت کی روک تھام کے قانون (PITA) کی دفعات 4، 5 اور 6 کے ساتھ بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 143(3) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔فرار اسپا مالک سنتوش باگھے کی تلاش جاری ہے اور پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ ڈاکٹر نیلاب روہن کی ہدایت پر پولیس انسپکٹر اتل بھوسلے (مقامی جرائم شاخ)، پولیس انسپکٹر راجیش پوری (شیواجی نگر پولیس اسٹیشن)، خاتون پولیس سب انسپکٹر اشونی گائیکواڑ (AHTU)، پولیس اہلکار ریتیش کلتھے، گنیش لوسروار، دنیانوبا کَوتھیکر اور خاتون پولیس کانسٹیبل یشودا کیندرے نے انجام دی۔