ناندیڑ:26نومبر ( ورقِ تازہ نیوز) ریاست میں مراٹھا ریزرویشن کے معاملہ پر مراٹھا اور او بی سی لیڈروں میں لفظی جنگ جاری ہے۔ او بی سی لیڈر و ریاستی وزیر بھوجبل کو اتوار کی صبح ہنگولی میں عظیم یلغار اجلاس میں جانے کے لیے ناندیڑ ایئرپورٹ سے باہر آنے کے بعد مراٹھا احتجاجیوں نے ان کا قافلہ روکنے کی کوشش کی ، جبکہ اس موقع پر کئی احتجاجیوں نے انہیں کالے جھنڈے بھی دکھائے۔ اس معاملہ میں پولیس نے فوری طور پر چار تا پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ ریاست میں مراٹھا ریزرویشن کا معاملہ پورے زور و شور سے گرج رہا ہے۔ او بی سی زمرے سے مراٹھا ریزرویشن کے مطالبہ کے بعد مراٹھا اور او بی سی لیڈروں میں لفظی تکرار جاری ہے۔ احتجاجی منوج جرانگے پاٹل کی جانب سے چھگن بھوجبل کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے، بھوجبل نے بھی جرانگے پاٹل پر راست ہلہ بول کیا ہے۔ ان دونوں میں الزام در الزام کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثناءاو بی سی سماج کے جلسے ہورہے ہیں۔ بھوجبل کی رہنمائی میں جالنہ کے امبڑ موضع میں او بی سی کا عظیم یلغفار جلسہ منعقد ہو اتھا، اس کے بعد اب ہنگولی ضلع میں او بی سی عظیم یلغفار جلسہ کا اتوار کو انعقاد کیا گیا تھا،
تاہم چھگن بھوجبل کا ہنگولی میں منعقدہ جلسہ میں خلل اندازی کرنے کا اشارہ مراٹھا احتجاجیوں کی جانب سے دیا گیا تھا۔ اسی جلسہ میں شرکت کرنے کے لیے وزیر چھگن بھوجبل کی اتوار کی صبح گیارہ بجے ناندیڑ ایئرپورٹ پر آمد ہوئی۔ بھوجبل کے دورہ کے ضمن میں شہر اور ناندیڑ ایئرپورٹ کے حدود میں پولیس کا بندوبست تعینات کیا گیا تھا،
جبکہ سوراجیہ سنگھٹنا کے اہم کارکنان کو ناندیڑ دیہی پولیس نے پہلے ہی حراست میں لے لیا تھا، تاہم بھوجبل ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد پمپل گاﺅں مہادیو، سانگوی کے درمیان کئی احتجاجی افراد کی جانب سے بھوجبل کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ اس موقع پر نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں کالے جھنڈے دکھائے گئے۔ اس معاملہ میں پولیس نے فوری طور پر چار تا پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس بندوبست کے باوجود بھی بھوجبل کے قافلہ کو کالے جھنڈے دکھائے جانے پر پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔